1 اگست 2017 - 19:24
سعودی حکومت قطری شہریوں کو فریضہ حج کی ادائیگی سے روکنے کی کوشش کر رہی ہے

قطر کے حکام کا کہنا ہے کہ سعودی حکومت ضمانت سینے سے انکار کرتے ہوئے قطری شہریوں کو فریضہ حج ادا کرنے سے روکنے کی کوشش کررہی ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ قطری حکام نے سعودی عرب پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ قطری شہریوں کی حفاظت کی ضمانت دینے سے انکار کررہے ہیں جس کی وجہ سے عازمین حج کو مشکلات کا سامنا ہوسکتا ہے۔

واضح رہے کہ سعودی حکام نے قطری حجاج کے بارے میں ایک بیانیہ جاری کرتے ہوئے کہا تھا قطری شہریوں کو حرم شریف میں داخلے کی تو اجازت ہوگی، لیکن ساتھ ہی انہیں کچھ پابندیوں کا بھی سامنا کرنا پڑے گا۔

سعودی عرب کے وزارت حج کے اہلکاروں کا کہنا تھا کہ فضائی سفر کرکے آنے والے قطری عازمین حج  صرف اُسی ایئرلائن سے سفر کریں، جس کے ساتھ ریاض نے معاہدہ کر رکھا ہے۔

بیانیہ میں مزید کہا گیا تھا  کہ قطری عازمین حج  کے لئے جدہ اور مدینہ ائرپورٹ پر ویزہ حاصل کرنا ضروری ہوگا اور وہ جدہ اور مدینہ ائر پورٹ استعمال کرسکتے ہیں۔

قطری حکام نے ایک بیان میں کہا ہے کہ سعودی عرب نے عازمین حج کی حفاظت اور حج کے دوران انہیں سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے بات چیت کرنے سے انکار کردیا ہے جس کی وجہ سے حجاج کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔

قطر نے آل سعود پر حج بیت اللہ کو سیاسی مقاصد کے لئے استعمال کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب نے بہت سے مسلمانوں کو حج جیسے مقدس فریضہ کو انجام دینے سے روکا ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲