5 جولائی 2017 - 05:11
آغا سید حسن نے جنت البقیع میں منہدم شدہ مقامت مقدسہ کی ازسرنو تعمیر کا مطالبہ دہرایا

حکومت آلِ سعود کے ہاتھوں شہدائے اسلام اور اصحاب اہلبیت نبویؑ کے مقدس مزار جنت البقیع کے سانحہ انہدام کی برسی کی مناسبت سے جموں کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے زیر اہتمام گوم احمد پورہ پٹن میں مجلس عزا کا انعقاد کیا گیاِ

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ سرینگر/حکومت آلِ سعود کے ہاتھوں شہدائے اسلام اور اصحاب اہلبیت نبویؑ کے مقدس مزار جنت البقیع کے سانحہ انہدام کی برسی کی مناسبت سے جموں کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے زیر اہتمام گوم احمد پورہ پٹن میں مجلس عزا کا انعقاد کیا گیاِ جہاں ہزاروں عقیدت مندوں نے حکومت آلِ سعود کے اس انتہائی شرم ناک سیاہ کارنامے پر صدائے احتجاج بلند کیا۔ اس موقعہ پر انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ اور سینئر حریت رہنما حجة الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے سانحہ انہدام جنت البقیع کو عقیدہ عشق رسول (ص) کے خلاف یہود و نصاریٰ کی دیرینہ سازشوں کا شاخسانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ جنت البقیع میں قرون اولیٰ کے مسلمانوں نے شہدائے اسلام اور اہلبیت ؑ و اصحاب نبوی(ص) کے مرقد ہائے مقدسہ پر روضے تعمیر کرکے اپنے عقیدہ عشق رسول (ص) کی کا مظاہرہ کیا تھا اور یہی مرقد ہائے مقدسہ صدیوں تک مسلم امہ کے عشق و عقیدے کو سرتازگی عطاکرتے رہے۔ حجاج مقدس میں وہابیت کے فروغ کی راہ میں ان مقامات مقدسہ کو ایک بڑی رکاوٹ تصور کرکے نہایت بے دردی کے ساتھ مسمار کیا گیا۔ یہ سانحہ تکفیری عزائم کی تکمیل کی راہ میں اولین بدترین اقدام تھا۔ آغا صاحب نے کہا کہ حجاز مقدس کا نام بدل کر اس پاک سرزمین کو ایک ہی خاندان کے نام سے موصوم کرنا بھی یہودی سازش کا نتیجہ ہے۔آغا صاحب نے کہا کہ جنت البقیع کی شان رفتہ کی بحالی اور منہدم شدہ روضوں کی از سر نو تعمیر عشقِ رسول(ص) کا عقیدہ رکھنے والے دنیا کے ہر مسلمان کی دلی تمناہے اور یہ خواب عنقریب شرمندہ تعبیر ہوگا۔آغا صاحب مجلس کے انعقاد میں دائرہ حسینیؑ کمیٹی گوم احمد کے سرگرم تعاون اور نظم و نسق برقرار رکھنے میں اُن کی خدمات کا پُر خلوص شکریہ ادا کیا۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲