اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق ایران کے ڈپٹی چیف آف آرمی اسٹاف بریگیڈیر جنرل احمد رضا پور دستان نے پیر کے روز ایک بیان میں شام کے علاقے دیرالزور میں داعش دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر ایران کے اتوار کی رات کے میزائل حملے کے بارے میں کہا ہے کہ ایران کا دفاع، اب ملک کی جغرافیائی سرحدوں تک محدود نہیں ہے اور جہاں بھی خطرہ ہوگا ایرانی فوج کے جوان میدان عمل میں نظر آئیں گے۔
انھوں نے کہا کہ پوری دنیا کو یہ جان لینا چاہئے کہ ایران کی مسلح افواج اپنی اقدار و امنگوں کے دفاع میں ہر طرح کے خطرے اور دھمکی کا منھ توڑ جواب دینے کے لئے آمادہ ہیں۔
ایران کے چیف آف آرمی اسٹاف میجر جنرل محمد باقری نے بھی کہا ہے کہ ایران، تسلط پسندانہ نظام سے الجھنا نہیں چاہتا تاہم وہ مختلف شعبوں منجملہ میزائل کے شعبے میں اس کا مقابلہ کرتا رہےگا۔
انھوں نے کہا کہ اس کے باوجود کہ تسلط پسندانہ نظام اور بڑی طاتقوں کا دفاعی بجٹ، ایران کے بجٹ سے کئی گنا زیادہ رہا ہے ایران، مختلف شعبوں منجملہ انٹیلی جینس اور اسی طرح بری، بحری اور فضائی نیز خلائی شعبوں میں تسلط پسند طاقتوں کا مقابلہ کرتا رہا ہے۔
انھوں نے اسی طرح علاقے میں امریکہ کی فوجی موجودگی کے بارے میں کہا کہ تسلط پسندانہ نظام نے علاقے میں لشکر کشی کے علاوہ داعش تکفیری دہشت گرد گروہ کو جنم دیا ہے۔
.......
/169