22 مئی 2017 - 03:41
نشترپارک کراچی میں ایم ڈبلیو ایم کے زیر اہتمام استحکام پاکستان اور امام مہدی ؑ کانفرنس کا انعقاد

مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ ظالموں کا مقابلہ کرنا اور مظلومین کا ساتھ دینا ہماری ذمہ داری ہے، دنیا پر اس وقت سب سے بڑا شیطان امریکہ مسلط ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ ظالموں کا مقابلہ کرنا اور مظلومین کا ساتھ دینا ہماری ذمہ داری ہے، دنیا پر اس وقت سب سے بڑا شیطان امریکہ مسلط ہے ،دنیا میں کتنی جنگیں شروع کیں لاکھوں بے گناہ عوام کاقتل عام کیا، امریکی نظام حکومت دنیا کو تباہ و برباد کررہا ہے، جہاں پر ظلم ، کرپشن ہے اُس کے پیچھے امریکہ ہے، پاکستان کی عوام مجبور ہیں کیونکہ یہ نظام امریکی نظام ہے ہمارے ملک کے حکمران اور منافقین امریکہ کے ساتھ ہیں، ظہور امام کا دشمن امریکہ، اسرائیل اور آل سعود ہے، پاکستان کو یمن، بحرین اور شام کی طرح کمزور کرنا چاہتے ہیں، آل سعود اور امریکہ یمن کے اندر گھٹنے ٹیکنے پر مجبور ہوچکا ہے، کیونکہ یمن کی عوام نے حق کا ساتھ اور استقامت نہیں چھوڑی، پاکستان کو ایک نئے دلدل میں لے جاناچاہتے ہیں، ضیاء الحق جنگ کو ملک کے اندر لے کر آیا ،ملک کو تباہ وبرباد کیا اور تکفیریت کو پروان چڑھایا،اب پاکستان کو آل سعود کے الائنس میں لے جارہا ہے یہہ ہمارے ملک ، فوج اور عوام کے دشمن ہیں، ہماری فوج کو تقسیم کرنے کے لیے اس الائنس میں شامل کیا گیا ہے، پاکستان کے حکمران ہوش کے ناخن لیں ، ہم پاکستان کی جانب سے 39ممالک کے الائنس میں جانے کی مخالفت کرتے ہیں،ان خیالات کا اظہار انہوں نے مجلس وحدت مسلمین سندھ کے تحت نشترپارک کراچی میں منعقدہ استحکام پاکستان اور امام مہدی ؑ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

کانفرنس سے وحدت مسلمین کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ حسن ظفری نقوی ، علامہ احمد اقبال رضوی ، علامہ امین شہیدی مجلس علمائے شیعہ پاکستان کے سربراہ علامہ مرزا یوسف حسین ، علامہ مختارامامی ، مقصود علی ڈومکی ، علامہ علی رضوی ، علامہ باقر عباس زیدی ، علامہ اقتدار حسین نقوی ، علامہ اقبال بہشتی ، علامہ ظہیر الحسن ، علامہ برکت علی مطہری ، علامہ طالب حسین ہمدانی ، علامہ مبشر حسن اور علی حسین نقوی سمیت دیگر نے خطاب کیا۔

کانفرنس کے دوسرے سیشن میں ولادت حضرت امام مہدی کی مناسبت سے جشن کا انعقاد بھی کیا گیا جس سے علامہ اعجاز بہشتی ، ڈاکٹر ماجد رضا عابدی سمیت دیگر مقررین نے خطاب کیا جبکہ شعرائے کرام نے بارگاہ امامت میں نذرانہ عقیدت پیش کیا ، کانفرنس کے اختتام پر آتشبازی کا بھی مظاہرہ کیا گیا۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ ہمارے اوپر حملے کیئے جاتے ہیں کیونکہ ہم اس ملک کی سلامتی کے لیے لڑتے ہیں، انہوں نے کہا کہ قوم کے قاتلوں کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے، دہشتگردوں کے کیس کو فوجی عدالتوں میں لے جایا جائے، ہمیں اُمید تھی کہ قاتلوں کو سزا ہوگی لیکن افسوس کہ تکفیریوں کو رعایت دی گئی، ہمارے حکمران اور ریاستی عدالتیں سب خاموش ہیں ، ہم مایوس نہیں ہوں گے۔

علامہ راجہ ناصرعبا س نے کہا کہ ملک بھر میں ہمارے جوانوں کو گرفتار کیا جارہا ہے، خواتین کی بے حرمتی اور چادر وچاردیواری کے تقدس کو پامال کیا جارہا ہے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ ریاستی ادارے ہمارے لاپتہ افراد کو بازیاب کرائیں، اگر اُن کا کوئی گناہ ہے تو عدالت میں پیش کیا جائے، یہ ظلم اب رکنا چاہیے۔

مجلس وحدت کے سربراہ نے کہا کہ مجھے پاکستان کی بااختیار عدالتوں ، آرمی چیف، چیف جسٹس سے اُمید ہے کہ لاپتہ افراد کے حوالے سے کارروائی کی جائے گی۔

علامہ راجہ ناصر نے کہا کہ عزاداری ہماری شہ رگ حیات ہے ملک بھر میں جلوس عزاء اور مجالس پر پابندی کسی صورت برداشت نہیں کریں گے، نیشنل ایکشن پلان غلط سمت میں جارہا ہے،انہوں نے کہا کہ جن دہشت گردوں نے پاکستان کے استحکام کو داو پر لگایا اور ریاستی اداروں ہمارے قانون نافذکرنے والے اداروں کے جوانواں اور ہزاروں پاکستانیوں کا قتل کیا ان کو تحفظ فراہم کیا جارہا ہے ، انہوں نے دہشت گرد قاتل احسان اللہ احسان کو ہیروبناکرپیش کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔

علامہ راجہ ناصر نے کہا کہ ہمارے حکمران احمق ہیں یا ان کے ساتھی، ڈان نیوز لیکس کے معاملے پر نوازشریف نے ملکی سلامتی کو داو پر لگایا ہے وہ فوری طور پراستعفی دیں، ہماری خارجہ پالیسی امریکہ، اسرائیل اور آل سعود چلارہے ہیں، ہم کسی ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات خراب نہیں ہونے دیں گے، ملک کو آل سعود کے ہاتھوں نہیں بیچنے دیں ، پاکستان میں ظالم حکمرانوں کا راستہ روکنا ہے ، انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے ووٹ کا شعوری استعمال کریں اور آنے والے الیکشن میں اُس شخص کو ووٹ دیں جو بھارت، اسرائیل ، امریکہ اور آل سعود کے خلاف ہو۔

علامہ حسن ظفر نے کہا کہ عوا م اپنے حقوق کے لیئے کھڑے ہوجائیں اور اپنے ووٹ کی طاقت سے پاکستان دشمن ، کرپٹ اور باطل قوتوں کو شکست دیں ، انہوں نے کہا کہ اگر عوام نے اپنے ووٹ کا سیاسی شعور کے ساتھ استعمال کیا تو ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا انہوں نے ملک کی تمام سیاسی جماعتوں کو دعوت دیتے ہوئے کہا کہ اگر متدین نیک اور عوامی خدمت کا حقیقی جذبہ اور مظاہرہ دیکھنا ہے تو کوئٹہ سے منتخب مجلس وحدت مسلمین کے نمائندے آغا محمد رضا کی کارکردگی کا جائزہ لیں جنہوں نے کس طرح ترقیاتی بجٹ کا بہتر اور موثر استعمال کیا ہے ، شوری عالی کے رکن علامہ امین شہیدی نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے استحکام پاکستان کانفرنس وقت کی اہم ضرورت ہے، اس اجتماع کا مقصد جہاں دنیا کویہ بتانا ہے ہم امام مہدی کے حقیقی سپاہی ہیں وہیں یہ بتانا ہے کہ ہمیں پاکستان کا استحکام ہر قیمت پر عزیز ہے، ہم دنیا کو بتا دینا چاہتے ہیں کہ یہ ملک ہمارا ہے اور اس کے حقیقی وارث ہیں، آج دشمن امام سے لڑنے کے لیے تیار ہے لیکن مسلمان بیدار نہیں ہے، آج کا اجتماع اہل اسلام ، اہل ایمان، اہل کلمہ اور مظلوموں کا ہے، 39ممالک کے سعودی اتحاد کے پیچھے امریکہ، اسرائیل اور یورپ کا ہاتھ ہے۔

ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ احمد اقبال رضوی نے کہا کہ پاکستان کی غیورعوام باشعور عوام کسی بھی قیمت پر سعودی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے ، انہوں نے کہا کہ سعودی بادشاہت اپنے اقتدار کو بچانے کے لیے امریکا اور اسرائیل کے ساتھ دست تعاون بڑھا رہے ہیں ، انہوں نے کہا کہ دنیا کو یمن اور بحرین میں سعودی جارحیت نظر نہیں آتی ، علامہ احمد اقبال رضوی نے کہا کہ دنیا کی امن پسند ممالک کو چاہیے کہ وہ امریکا اور سعودی عرب کے مابین اسلحہ کے معاہدے کا نوٹس لیں ، علامہ مرزا یوسف حسین نے خطاب کرتے ہوئے کہاک کہ حکومت کی شیعہ دشمنی اور پولیس کی دشمنی جاری ہے جس کی ہم مذمت کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ عزاداری اور امام بارگاہوں کے خلاف کسی بھی حکومتی اقدام کی بھرپور مخالفت کریں گے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲