21 مئی 2017 - 17:54
چین نے سی آئی اے پر کاری ضرب وارد کرتے ہوئے اسکے 20 جاسوسوں کو قتل کردیا

امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز نے انکشاف کیا ہے کہ چین نے امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے پر کاری ضرب وارد کرتے ہوئے اسکے 20 جاسوسوں کو قتل کردیا ہے ۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ابنا نے نیویارک ٹائمز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز نے انکشاف کیا ہے کہ چین نے امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے پر کاری ضرب وارد کرتے ہوئے اسکے 20 جاسوسوں کو قتل کردیا ہے یا پھر انہیں قید میں ڈال دیا۔ امریکی اخبار نے اپنی رپورٹ میں لکھا کہ چین نے 2010 سے 2012 کے دوران سی آئی اے کے 20 کے قریب جاسوسوں کو قتل کیا یا پھر قید میں ڈالا۔ اس حوالے سے امریکی حکام کا کہنا ہے کہ ابھی یہ واضح نہیں ہو سکا کہ سی آئی اے کی معلومات ہیک ہوئیں یا پھر کسی خفیہ ایجنٹ کے ذریعے چینی حکام امریکی مخبروں کا پتہ لگانے میں کامیاب ہوئے۔ سی آئی اے نے نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کی تاحال تصدیق یا تردید نہیں کی ہے۔ نیو یارک ٹائمز کے مطابق امریکی خفیہ ایجنسیوں ایف بی آئی اور سی آئی اے نے واقعے کی تحقیقات کے لیے ’’ہنی بیڈگر‘‘ کے نام سے خفیہ آپریشن بھی کیا جب کہ امریکی جاسوسوں کے گم ہونے کی وجہ سے چین میں کام کرنے والے امریکہ کے خفیہ نیٹ ورک کو بہت نقصان بھی پہنچا ہے۔

.......

/169