اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ اسلام آباد( ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری استحکام پاکستان و امام مہدی عج کانفرنس میں شرکت کی دعوت دینے کے لیے کراچی پہنچ گئے ہیں جہاں عوامی اجتماعات سے خطاب اور شخصیات سے ان کی ملاقات کا سلسلہ جاری ہے۔مرکزی مسجد جعفرطیار سوسائٹی میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت شدید بیرونی مداخلت کا شکار ہے۔کرپٹ حکمرانوں نے ذاتی مفادات کی خاطر قومی سلامتی کو داؤ پر لگا دیا ہے۔ ویسٹرن ایشیاء میں شکست کھانے کے بعد دہشت گرد گروہوں کو عالمی استعماری قوتیں پاکستان میں آباد کرنا چاہتی ہیں جس کا آغاز ہو چکاہے، پاراچنار میں حالیہ تینوں دہشت گرد حملوں کی ذمہ داری داعش اور اس کے حامی گروہوں نے قبول کی ہیں جو پاکستان میں عالمی دہشت گردوں کی موجودگی کا ثبوت ہے۔ عالمی صیہونی طاقتیں اور امریکہ اپنی حواری عرب ریاستوں کے ساتھ مل کر امام زمانہ عج کے ظہور کے راستے میں رکاوٹیں کھڑی کرنا چاہتے ہیں۔ عالمی شیطانی قوتوں اور مقاومتی بلاک کے درمیان شدید ٹکراؤ جاری ہے۔ ایشیائی ممالک میں دراڑ ڈالنے ، سرحدیں توڑنے اور من پسند جغرافیائی تبدیلوں کے لیے سازشوں کے جال بنے جا رہے ہیں۔ پاکستان میں اہل سنت اور تشیع امام مہدی علیہ السلام پرا یمان رکھتے ہیں۔اس لیے وطن عزیز کو کمزور کیا جا رہا ہے۔پاکستان میں جعلی امام کعبہ کو لا کر مکہ مدینہ کے نام پر آل سعود کے ناجائز اقتدار کی بقاء و وسلامتی کیلئے راہ ہموار کرنے کی کوشش کی جارہی ہیں ، انشاء اللہ 21 مئی کو نشتر پارک میں حقیقی وارث کعبہ امام مہدی عج کے عاشقان کا عظیم اجتماع منعقد ہوگا جوکہ ظہور امام عصرؑ کی مخالف قوتوں کو واضح پیغام دے گا۔علامہ راجہ ناصر عباس کے خطاب کی شرکا نے نعرے لگا کر تعریف اور تائید کی۔ انہوں نے جعفرطیار سوسائٹی، ماروی گوٹھ، چوکنڈی، گلشن وقار، گلشن حدید اور پپری میں عوامی اجتماعات سے خطاب کیا اور معززین سمیت علمائے کرام ، عمائدین ، ٹرسٹیز، اور سیاسی سماجی شخصیات سے ملاقاتیں کیں۔علاقے کے مرحومین کے اہل خانہ سے جا کر تعزیت بھی کی گئی اور اہم قومی وبین الاقوامی حالات پرمختلف شخصیات کے ساتھ تبادلہ خیال کیا گیا۔وہ گلشن حدید میں مرکزی امام بارگاہ جعفریہ پہنچے اور ٹرسٹ کے اراکین سمیت پاکستان اسٹیل ملز کے سی ای او کیپٹن شمسی ، جنرل مینیجر آئی آر اور سکیورٹی رضا راجپر سے بھی ملاقات کی اور پاکستان اسٹیل ملز کے ملازمین کو درپیش مشکلات اور بحران کے حل کے حوالے سے بھی خصوصی بات چیت ہوئی۔علامہ راجہ ناصرعباس نے مسجد سلمان فارسی میں مومنین سے خطاب کیا۔علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کے اعزاز میں انجمن غلامان آل رسول (ص)کی جانب سے اسٹیل مل گیسٹ ہاوس میں ظہرانہ بھی دیا گیا۔وہ امام بارگاہ علی ابن ابی طالبؑ ؑ چوکنڈی اور پپری میں ایم ڈبلیوایم کی جانب سے تعمیر کردہ مسجد جمکران میں بھی گئے اورمومنین سے ملاقات کی اور انہیں استحکام پاکستان وامام مہدی عج کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی گئی۔دورے کے اختتام پر انہوں نے جعفرطیار سوسائٹی میں غازی عباس ٹرسٹ کے اراکین اورکوآپریٹیو ہاوسنگ سوسائٹی کی مینیجنگ کمیٹی سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں جبکہ بین الاقوامی شہرت یافتہ شاعر ریحان اعظمیٰ سے ان کی زوجہ مرحومہ اور ذاکراہل بیتؑ پروفیسر علی امام رضوی مرحوم کے پسماندگان سے ان کے گھر جاکر تعزیت کا اظہار کیا اور فاتحہ خوانی کی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲