9 مئی 2017 - 13:55
جنرل قاسم رضائی: پاکستان سے ایران میں دہشتگردانہ حملے کرنے والے آل سعود کے ایجنٹ ہیں

اسلامی جمہوریہ ایران کی بارڈ سیکورٹی فورس کے کمانڈر نے کہا ہے کہ جو دہشت گرد گروہ پاکستان سے ایران کی سرحدوں میں داخل ہو کر دہشت گردانہ کارروائیاں انجام دے رہے ہیں وہ عالمی سامراج اور سعودی عرب کے ایجنٹ ہیں.

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق ایران کی بارڈر سیکورٹی فورس کے سربراہ جنرل قاسم رضائی نے ہمارے نمائندے سے خصوصی انٹرویو کے دوران میرجاوہ میں دہشت گردانہ حملے کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ ایران کے اندر پاکستان سے دہشت گرد گروہوں کے حملے مشترکہ سرحدوں کی سیکورٹی کے تعلق سے پاکستانی حکام کی غیرذمہ داری کو ظاہرکرتے ہیں - جنرل قاسم رضائی نے سانحہ میرجاوہ کے بعد اپنے دورہ پاکستان اور پاکستانی حکام سے ملاقاتوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پاکستانی حکام منجملہ وزیراعظم نوازشریف، پاکستان کی قومی اسمبلی کے اسپیکر اور قومی سلامتی کے امور کے مشیر سے ملاقاتوں میں واضح کردیا گیا کہ ہمارے پاس جو اطلاعات ہیں ان کے مطابق پاکستان کے اندر ستر دہشت گرد گروہ اور شرپسند گروہ ہیں اور گذشتہ دس برسوں میں اب تک پاکستان کی سرزمین سے ایک سو بیس بار ایران کے اندر دہشت گردانہ حملے ہوچکے ہیں - انہوں نے کہا کہ پاکستانی حکام نے بھی ہماری باتوں کو مسترد نہیں کیا - انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت پرواضح کردیا گیا ہے کہ یہ دہشت گردعناصر عالمی سامراج اور سعودی عرب کے لئے کام کرتے ہیں اور ہماری مشترکہ سرحدوں پر بدامنی پھیلاتے ہیں - جنرل قاسم رضائی نے پاکستان سے مطالبہ کیا کہ مشترکہ سرحدوں پر سیکورٹی کے جو تقاضے ہیں انہیں پورا کیا جانا چاہئے -انہوں نے پاکستان کو ایران کا دوست اور ہمسایہ ملک قراردیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی حکام نے بھی ایران کو اطمینان دلایا ہے کہ وہ ایران اور پاکستان کی سرحدوں پر سیکورٹی کویقینی بنائیں گےاور بظاہر پاکستان کی جانب سے اس سلسلے میں کچھ اقدامات انجام بھی دئے جارہے ہیں -

........

/169