6 مئی 2017 - 13:02
سعودی عرب یمن پر اپنی خونریز جارحیت میں امریکی بم استعمال کر رہا ہے

انسانی حقوق کی نگراں تنظیم نے اعلان کیا ہے کہ سعودی عرب نے یمن پر اپنے خونریز ترین حملوں میں امریکی ساخت کے بم استعمال کئے ہیں۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ العالم کی رپورٹ کے مطابق انسانی حقوق کی نگراں تنظیم نے یمن کے دارالحکورمت صنعا کے مشرق میں واقع ارحب کے علاقے میں زیرتعمیر پانی کے ایک کنویں پر، کی جانے والی بمباری کی طرف اشارہ کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ بمباری والے اس علاقے کا جائزہ لئے جانے کے دوران ایسے شواہد ملے ہیں کہ جن سے پتہ چلتا ہے کہ بمباری میں ایسے بم استعمال کئے گئے ہیں جو اکتوبر دو ہزار پندرہ میں امریکی کمپنی رائی تھیون کے بنائے ہوئے ہیں۔

انسانی حقوق کی نگراں تنظیم نے یمن کے خلاف سعودی جرائم میں امریکہ کو بھی شریک قرار دیتے ہوئے تاکید کے ساتھ اعلان کیا ہے کہ یمن کے خلاف سعودی جارحیت میں امریکہ کی جانب سے ہتھیاروں کی فراہمی اور جنگی طیاروں کو ایندھن پہنچانے جیسی سہولیات بھی فراہم کی گئی ہیں جبکہ جنگی طیاروں کے پرزے بھی امریکہ کی جانب سے ہی فراہم کئے جاتے رہے ہیں۔

انسانی حقوق کی تنظیم کی جانب سے تئیسویں بار اس بات کا اعتراف کیا گیا ہے کہ یمن پر سعودی جارحیت میں امریکی ہتھیاروں کے استعمال کی بنا پر امریکہ بھی شریک جرم ہے۔

یہ ایسی حالت میں ہے کہ انسانی حقوق کی نگراں تنظیم کی رپورٹ کے مطابق امریکہ کی ٹرمپ حکومت نے سعودی عرب کو چالیس کروڑ ڈالر کے مزید ہتھیار فروخت کئے جانے کی منظوری دی ہے۔

اس سے قبل سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر نے امریکی صدر ٹرمپ کے آئندہ دورہ ریاض کو تاریخی اور یمن پر سعودی حملوں کی حمایت کا مظہر قرار دیتے ہوئے اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ حکومت امریکہ نے گائیڈڈ میزائلوں کی فروخت کے سلسلے میں امریکی کانکریس کو اقدامات عمل میں لائے جانے کا رجحان دے کر سعودی عرب پر اپنی  خاص توجہ مرکوز کی ہے۔

حکومت امریکہ کے ایک عہدیدار کے مطابق امریکی صدر ٹرمپ اپنے پہلے غیر ملک دورے میں مئی کے آخر میں علاقے میں امریکہ کے اہم ترین اتحادی ملک کی حیثیت سے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض پہنچیں گے۔ یہ ایسی حالت میں ہے کہ امریکہ میں ٹرمپ کے برسراقتدار آنے کے بعد سے یمن پر سعودی جارحیت میں تیزی آگئی ہے اور علاقے میں دہشت گرد گروہوں کی حمایت میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

دوسری جانب یمنی عوام کی استقامت کے مقابلے میں امریکہ کی زیرحمایت سعودی اتحاد کی مسلسل ناکامیوں کے بعد متحدہ عرب امارات سے وابستہ آلہ کاروں نے جنوبی یمن میں کنٹرول سنبھالنے کے لئے ایک سیاسی گروہ تشکیل دینے کا اقدام کیا ہے۔

ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق یمن میں اثرورسوخ کے حوالے سے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے درمیان پیدا ہونے والے اختلافات کے پیش نظر عدن اعلان سے موسوم متحدہ عرب امارات سے وابستہ آلہ کار گروہ نے عدن کے مستعفی گورنر کو اس گروہ کی قیادت کرنے کی ذمہ داری سونپی ہے۔ اس گروہ کے قیام کا اصل مقصد جنوبی یمن کو یمن سے علیحدہ کرنا ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲