اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ افغانستان کے صوبہ ننگرہار سے تعلق رکھنے والے پارلیمنٹ کے بعض نمائندوں کا کہنا ہے کہ سب سے بڑے غیر جوہری بم کے استعمال کے بعد بھی داعش اسی طرح ہی باقی ہے جس طرح کہ اس سے قبل تھا۔
ان نمائندوں کے مطابق داعش نے اتنی قوت حاصل کرلی کہ وہ آچین شہر سے صوبے کے دیگر حصوں پر بھی حملے کر سکتا ہے۔
ریڈیو آزادی سے بات کرتے ہوئے ننگرہار کے پارلیمنٹ کے رکن سید اکرام نے کہا کہ عالمی برادری داعش کے خطرات نیز دوسرے دہشت گردوں سے نمٹنے کیلئے افغان حکومت کو ضروری فوجی سازوسامان فراہم کرے۔
یاد رہے کہ بیس 20 روز قبل امریکہ نے افغان صوبے ننگرہار کے علاقے آچین میں داعش کو نشانہ بناتے ہوئے سب سے بڑے غیر جوہری بم کا استعمال کیا تھا۔
افغان وزارت دفاع نے بھی اعلان کیا تھا کہ داعش کو شکست دے دی گئی ہے۔
وزارت دفاع کے ترجمان دولت وزیری نے کہا تھا کہ افغانستان میں داعش کو مکمل طریقے سے شکست دے دی گئی ہے لیکن وہ اپنی موجودگی دکھانے کیلئے جدوجہد کر رہا ہے۔ انہوں نے شروع میں داعش کے جنگجووں کی تعداد 3500 بتائی تھی جو اب کم ہوتے ہوتے 500- یا 600 افرد تک رہ گئی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲