16 اپریل 2017 - 13:39
تہران میں جمہوریہ آذربائیجان کے وزیر دفاع کی ایرانی قومی سلامتی کی اعلی کونسل کے سیکریٹری سے ملاقات

ایران کی قومی سلامتی کی اعلی کونسل کے سیکریٹری نے تاکید کے ساتھ کہا ہے کہ امریکہ اور اس کے بعض اتحادیوں کے یکطرفہ اقدامات، علاقے کے بحران کے خاتمے کے لئے سیاسی راہ حل کی کوششوں کو ناکام بنا دیں گے-

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق ایران کی قومی سلامتی کی اعلی کونسل کے سیکریٹری علی شمخانی نے اتوار کوتہران میں جمہوریہ آذربائیجان کے وزیر دفاع ذاکر حسن اف سے ملاقات میں اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ امریکہ کی جانب سے افغانستان میں بڑے اور غیر روایتی بموں کا استعمال غیر قانونی ہے، کہا کہ شہروں اور عوام پر بمباری سے امریکہ کی قومی سلامتی کو ہرگز فائدہ نہیں پہنچے گا بلکہ اس سے علاقے میں دہشت گرد گروہ مضبوط ہوں گے-

ایران کی قومی سلامتی کی اعلی کونسل کے سیکریٹری نے کہا کہ دہشت گردی اور ان کی جڑوں منجملہ تکفیری افکار و نظریات نے، جو علاقے کے بعض ممالک کے ہاتھوں رواج پا رہے ہیں، پورے علاقے کو بحران سے دوچار کر دیا ہے اور وہ اسلامی ممالک کی پیشرفت و ترقی میں رکاوٹ بنا ہوا ہے-

علی شمخانی نے ایران اور جمہوریہ آذربائیجان کے درمیان بے پناہ دفاعی، سیاسی، علاقائی، ثقافتی اور مذہبی اشتراکات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے دونوں ملکوں کے تعلقات میں زیادہ سے زیادہ فروغ پر تاکید کی-

اس موقع پر جمہوریہ آذربائیجان کے وزیردفاع ذاکر حسن اف نے ایران اور آذربائیجان کو دہشت گردی اور تکفیریت کی جانب سے لاحق خطرات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے تاکید کے ساتھ کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اس سلسلے میں گرانقدر تجربات کا حامل ہے اور دہشت گردی و تکفیریت کا مقابلہ کرنے کے لئے گفتگو کے ذریعے دونوں ملکوں کو قریب کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے-

۔۔۔۔۔۔۔

/169