اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ سرینگر/جموں کشمیر انجمن شرعی شیعیان نے 9 اپریل کے نام نہاد اور رسوا کن انتخابی ڈرامے کے دوران ضلع بڈگام کے مختلف علاقہ جات میں انتخابات سے لاتعلقی کا مظاہرہ کرنے والے نہتے عوام پر فورسز کی وحشیانہ فائرنگ کے سانحات میں شہید ہوئے نوجوانوں کو خراج عقیدت پیش کرنے اور اُن کے لواحقین سے تعزیت و یکجہتی کا اظہارکرنے کیلئے مزاحمتی قیادت کی بڈگام چلو کال کی مکمل تائید و حمایت کی۔ انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ اور حریت رہنما آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے اس سلسلے میں عوام سے اپیل کی کہ وہ جمعة المبارک 14 اپریل کو جوق در جوق قصبہ بڈگام کا رُخ کریں، تاکہ 9 اپریل کے خونین سانحات اور بھارتی فورسز کی خونین مہم جوئی کے خلاف صدائے احتجاج بلند کرکے عالمی برادری کو کشمیر میں منعقد ہورہے بھارتی انتخابات کی اصل حیثیت اور اعتباریت کی طرف توجہ مبذول کرائی جاسکے۔ آغا صاحب نے کہا کہ 14 اپریل کو قصبہ بڈگام میں نماز جمعہ کے روایتی مراکز کے بجائے بہشت زہراؑ نزدیک DC Office بڈگام میں مشرکہ طور پر نماز جمعہ ادا کی جائے گی، جہاں کئی حریت قائدین دینی جماعتوں کے رہنما شہدا کو خراج عقیدت نذر کریں گے۔ بعد ازآں انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ اور حریت رہنما آغا سید حسن الموسوی الصفوی کی ہمراہی میں شہداء بڈگام کے گھروں کو جاکر لواحقین سے تعزیت و تسلیت کی جائے گی۔ آغا صاحب نے کہا کہ 9 اپریل کو انتخابی ڈرامہ کو حشر دیکھنے کے باوجود ضلع بڈگام کے درجنوں پولنگ مراکز پر دوبارہ پولنگ کی سرکاری ضد جلتے پر تیل کی دانستہ کوشش ہے، جس کے آڑ میں حکومت 9 اپریل کی شرمناک خفت مٹانے کی کوشش کے باوجود بھارتی خاکوں رنگ بھرنے کی متحمل نہیں ہوگی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲