12 اپریل 2017 - 12:16
امریکہ شام میں براہ راست طور پر جنگ میں شامل نہیں ہو گا: ٹرمپ کا اعلان

امریکی صدر ٹرمپ نے شام پر میزائلی حملے کے چار دن بعد اعلان کیا ہے کہ امریکا شام میں براہ راست طور پر جنگ میں شامل نہیں ہو گا۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ امریکی صدر ٹرمپ نے شام پر میزائلی حملے کے چار دن بعد اعلان کیا ہے کہ امریکا شام میں براہ راست طور پر جنگ میں شامل نہیں ہو گا۔

امریکی صدر ٹرمپ نے شام پر کھلی جارحیت کا ارتکاب کرنے کے بعد شام کی جنگ میں براہ راست امریکا کی شمولیت کے امکان کو مسترد کر دیا-

 ٹرمپ نے فاکس نیوز  سے گفتگو کے دوران شام کے علاقے خان شیخون میں کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کے بعد شام سے امریکا کی براہ راست جنگ کے امکان کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ امریکا، شام میں براہ راست جنگ میں شامل نہیں ہوگا-

واضح رہے کہ امریکا نے شام کے شمال مغربی صوبے ادلب کے علاقے خان شیخون میں شامی حکومت کے ذریعے کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کا بے بنیاد الزام لگا کر گذشتہ جمعے کو شام کے مغربی علاقے حمص میں الشعیرات ایئربیس پر میزائلوں سے حملہ کیا تھا-

 امریکا کی اس کھلی جارحیت سے یہ قیاس آرائیاں زور پکڑ گئی تھیں کہ واشنگٹن، شام میں طاقت کے ذریعے حکومت تبدیل کرنے کی کوشش کر رہا ہے-

اس سے پہلے ٹرمپ نے بارہا کہا تھا کہ وائٹ ہاؤس کی ترجیح، شام کے صدر بشار اسد کو اقتدار سے ہٹانا نہیں ہے لیکن دو روز قبل اقوام متحدہ میں امریکی مندوب نکی ہیلی نے کہا تھا کہ ٹرمپ کی ترجیح بشاراسد کی اقتدار سے برطرفی ہے-

 امریکی صدر ٹرمپ نے فاکس نیوز سے گفتگو کے دوران شام پر امریکا کے میزائلی حملے کا جواز پیش کرتے ہوئے دمشق حکومت پر الزام عائد کیا کہ اس نے خان شخون پر کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال کیا ہے-

 ان کا کہنا تھاکہ شامی ایئربیس پر حملہ خان شیخون میں کیمیائی حملے کا جواب تھا- امریکی صدر نے یہ دعوی ایک ایسے وقت کیا ہے جب اس  بارے میں ابھی تک کوئی تحقیق نہیں ہوئی ہے کہ خان شیخون میں کیمیائی حملہ کس نے کیا تھا-

دریں اثنا اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل کے ترجمان نے کہا ہے کہ او بی سی ڈبلیو کی تحقیقاتی ٹیم نے خان شیخون میں کیمیائی ہتھیاروں سے حملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں-

اقوام متحدہ کے ترجمان اسٹیفن دوجاریک نے نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ اور او بی سی ڈبلیو کی شراکت سے مشترکہ تحقیقات کا میکانیزم، تحقیقاتی ٹیم کی رپورٹ آجانے کے بعد اپنا کام شروع کر دے گا-

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲