اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ اسلام آباد( )مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے شام کے فضائی اڈے پر امریکی حملے کو عالمی قوانین کی بدترین خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ شام میں کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کا بہانہ بناکر امریکہ نے کھلی جارحیت کا مظاہرہ کیا ہے۔عالمی ذرائع ابلاغ اس حقیقت کا اظہار کر چکے ہیں کہ دہشت گردوں نے اپنے زیر تسلط علاقوں میں کیمیائی ہتھیار چھپا رکھے تھے اور شامی افواج کی بمباری ان میں سے کیمیائی گیس کے اخراج کا باعث بنی تاہم امریکی عُجلت اس حقیقت کی عکاس ہے کہ وہ شام کو نشانہ بنانے کے لیے پہلے سے تیار بیٹھاہے۔انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کے مابین انتشار یہود و نصاریٰ کے اسلام دشمن ایجنڈے کو تکمیل کی راہیں ہموار کر رہا ہے۔شام میں معصوم بچوں کی موت کا واویلا کرنے والے امریکہ کے اپنے ہاتھ افغانستان اور عراق میں لاکھوں بے گناہ افراد کے خون سے رنگے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ امریکہ شام کی حکومت کو کمزور کرنا چاہتا ہے تاکہ اسرائیلی مفادات کا تحفظ کیا جا سکے۔مسلم ممالک کو عالمی سازشوں کا شکار کیا جا رہا ہے۔مغربی سامراج عالم اسلام کے مقابلے میں متحد ہو چکا ہے۔مسلمانوں کو ٹکرے میں تقسیم کر کے اپنے مقاصد حاصل کیے جا رہے ہیں۔امت مسلمہ کی بیداری عصر حاضر کی اولین ضرورت ہے۔اپنی نسلوں کی بقا کے لیے امت مسلمہ کو متحد ہونا ہو گا۔امریکہ نے شام کے حوالے سے یہی جارحانہ طرز عمل جاری رکھا تو یہ عالمی سلامتی کے لیے انتہائی خطرناک ثابت ہو گا۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے انتہا پسندانہ اقدامات پوری دنیا کو جنگ کی آگ میں دھکیل سکتے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲