4 اپریل 2017 - 07:17
ایرانی اسپیکر: علاقے میں ایران کا منطقی رویّہ ایرانیوں کی عزت افزائی کا باعث بنا ہے

ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے کہا ہے کہ علاقے میں تہران کا منطقی رویّہ ایرانی قوم کی عزت افزائی کا باعث بنا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق ایران کی مجلس شورائے اسلامی کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے پیر کے روز پارلیمنٹ کے کارکنوں سے گفتگو میں ایران کے جوہری سمجھوتے کے بارے میں کہا کہ ان ممالک کے ساتھ ایران کا ایٹمی معاہدہ، جو اس بات کا دعوی کر رہے تھے کہ ایران ایٹمی ہتھیار بنانے کی کوشش کر رہا ہے، ایٹمی ٹیکنالوجی کے تحفظ اور اس سلسلے میں تحقیقات جاری رہنے کا باعث بنا ہے۔

انھوں نے کہا کہ جوہری معاہدے کے بارے میں ایران کی عظیم قیادت اوراعلی حکام نے نہایت منطقی فیصلہ اختیار کیا ہے۔

ڈاکٹرلاریجانی نے مشرق وسطی میں بحران اور دہشت گرد گروہوں کے وجود کو امریکہ اور اسرائیل کی کھلی سازش قرار دیا اور کہا کہ علاقے کے اسلامی ملکوں میں انتشار کے ماحول سے صیہونی حکومت کو سکون کا سانس لینے کا موقع ملا ہے۔ انھوں نے اس جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ داعش کے بعد علاقے میں دشمنوں کی جانب سے دیگر دہشت گرد گروہوں کو وجود میں لایا جائے گا، کہا کہ امریکہ اور صیہونی حکومت کا خیال ہے کہ علاقے میں دہشت گرد گروہوں کے وجود سے اسلامی ملکوں کی توانائی ختم ہوئی ہے اس لئے وہ ان گروہوں کو مضبوط بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

انھوں نے علاقے میں ایران کی پالیسیوں کو منطقی اور صحیح سمت میں قرار دیتے ہوئےکہا کہ چونکہ ایران کا منطقی رویّہ دوسروں کے لئے نمونہ عمل بننے کا باعث بنا ہے، امریکہ اور مغربی ممالک ایران پر دہشت گردی کی حمایت کا الزام لگاتے ہیں۔

.......

/169