31 مارچ 2017 - 18:07
مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری کی پارا چنار بم دھماکے کی شدید مذمت

علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے پارا چنار بم دھماکے میں 21 سے زائد قیمتی جانوں کے ضیاع پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے اسے پولٹیکل انتظامیہ کی دانستہ غفلت قرار دیا ہے

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ اسلام آباد( )مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے پارا چنار بم دھماکے میں 21 سے زائد قیمتی جانوں کے ضیاع پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے اسے پولٹیکل انتظامیہ کی دانستہ غفلت قرار دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پارہ چنار کے پُرامن شہریوں کے خلاف دہشت گردی کا یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں۔ملت تشیع کے خلاف وحشیانہ کاروائیوں کا تسلسل قوم کے لیے اضطراب کا باعث ہے۔ علاقے میں جگہ جگہ پر سیکورٹی ناکے ہونے کے باوجود دہشت گردوں کا آسانی سے اپنے ہدف کو نشانہ بنا لینا بہت سارے سوالات کھڑے کرتا ہے۔ پارہ چنار کی پولٹیکل انتظامیہ کا جانبدارانہ طرز عمل دہشت گردوں کی تقویت کا باعث ہے۔وہاں کی پُرامن آبادی کو اسلحہ جمع کرانے پر پابند کیا جا رہا ہے جبکہ دہشت گرد عناصر کوکھلی چھوٹ حاصل ہے۔پاراچنار میں دہشت گردی کے اس واقعہ کے بعد مذموم عناصر کے خلاف احتجاج کرنے والوں پر گولیاں برسا کر متعدد افراد کو زخمی کرنے والوں نے دہشت گردوں کے ساتھ اپنا تعلق واضح کر دیا ہے۔اختیارات کے تجاوز پر ان اہلکاروں اور افسران کے خلاف بھرپور کاروائی ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ مکتب تشیع گزشتہ تین دہائیوں سے دہشت گردوں کے نشانے پر ہے۔پورے ملک میں ہمارے امام بارگاہوں ،مساجد اور جلوسوں کو نشانہ بنایا گیا۔فوجی عدالتوں کے قیام کے باوجود کسی ایسے دہشت گرد کو پھانسی پر نہیں لٹکایا جا سکا جو ملت تشیع کے معصوم و بے گناہ افراد کی جانوں کے ضیاع کا باعث بنا۔ایک ہی ملک میں انصاف کے مختلف معیارات ناقابل قبول ہے۔قاتل چاہے سانحہ اے پی سی میں ملوث اور چاہے سانحہ شکار پور میں دونوں کی سزا پھانسی کا پھندا ہی ہونی چاہیے۔ پارہ چنار جیسے واقعات آپریشن ردالفسار کے خلاف بھی دہشت گردوں کی للکار ہیں۔انہوں نے وزیر اعظم نواز شریف اور آرمی چیف قمر جاوید باجوہ سے مطالبہ کیا کہ اس واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے پولٹیکل انتظامیہ اور دیگر ذمہ داران کے خلاف ضروری اقدامات کیے جائیں۔انہوں نے شہدا کی بلندی درجات اور پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲