اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق امت کو سیدہ خاتون جنت کے نام پر متحد ہونا چاہیے، ہمیں کسی نے اتنا نقصان نہیں پہنچایا جتنا شیعہ سنی کے نام پر لڑائی اور قتل و غارت نے پہنچایا ہے۔ ان خیالات کا اظہار صاحبزادہ ڈاکٹر نور الحق قادری نے جماعت اہل حرم پاکستان کے زیراہتمام چوتھی سالانہ ’’خاتون جنت کانفرنس ‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ خاتون جنت کے عنوان پر سب مکاتب فکر کے علماء کو اکٹھا کرنا بہت ہی باعث سعادت ہے اور یہ امت کے اتحاد کی علامت ہے۔ ہمیں سیدہ فاطمہ کی نسبت کے عنوان کے تحت امت کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنا ہے۔ میں مراد آباد سے لے کر اسلام آباد تک تمام نعیمیوں کو مبارک باد پیش کرتا ہوں اور جامعہ نعیمیہ اسلام آباد کے فارغ التحصیل فضلاء کو بھی ہدیہ تبریک پیش کرتا ہوں۔ خاتون جنت کانفرنس کے میزبان اور جماعت اہل حرم کے صدر مفتی گلزار احمد نعیمی نے کہا کہ یورپ نے معزز خواتین کو سائن بورڈز کی زینت بنا دیا ہے۔ جناب فاطمہ کا کردار خواتین سے چھین لیا گیا ہے، امت مسلمہ قائدین سے خالی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آپ نے باپردہ گھر میں رہ کر زندگی گزاری لیکن امت کو حسن علیہ السلام اور امام حسین علیہ السلام جیسی عظیم ہستیاں عطا فرمائیں۔ انہوں نے کہا کہ جسے رسول ﷺ نے بیٹی کہا ہے وہی ماں بھی ہیں۔
اس موقع پر امت واحدۃ کے مرکزی راہنما علامہ امین شہیدی نے کہا کہ اس شہر میں بی بی فاطمہ سلام اللہ علیھیا کا دن منانے کی توفیق ہر کسی کو نہیں ہوتی۔ علامہ امین شہیدی نے کہا کہ مفتی گلزار احمد نعیمی نے ہر سال یہ کانفرنس منعقد کرکے سعادت حاصل کی ہے اور وہ اس موقع پر تمام مکاتب فکر کے علما کو اکٹھا کرکے بٹھاتے ہیں۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سید ضیا اللہ شاہ بخاری امیر متحدہ جمیعت اہل حدیث نے کہا کہ جو لمحات اور گھڑیاں اہل بیت کی یاد میں گزرتی ہیں وہ میری زندگی کا قیمتی سرمایہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جسے رسول ﷺ سے محبت ہو اور فاطمہ سے نہ ہو میں ایسی محبت کو نہیں مانتا جو صحابہ سے پیار کا دعویٰ کرے اور خاتون جنت سے محبت نہ کرے وہ صحابہ کے پیار میں جھوٹا ہے۔ اس موقع پر پاکپتن سے تشریف لائے ہوئے ڈاکٹر مفتی زاہد اسدی نے کہا کہ مفتی گلزار نعیمی امت کا جو حق ہے وہ ادا کر رہے ہیں امت کو یکجا کر رہے ہیں اور یہی سب پر فرض ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اہل بیت کو ساری انسانیت کے لیے رشد و ہدایت کا منبع سمجھتے ہیں۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ملی یکجہتی کونسل کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل ثاقب اکبر نے کہا کہ میں اس موقع پر مفتی گلزار احمد نعیمی کو اس چار سالہ کانفرنس پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں حضرت فاطمہ زہرا کی ولادت کے دن کو یوم خواتین کے طور پر منانا چاہیے۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پیر غلام رسول اویسی نے کہا کہ خاتون جنت، جنت کی خواتین کی سردار ہیں اور رسالت مآب ؐ کو آپ سے زیادہ کوئی محبوب نہیں تھا لیکن بہت ہی قابل افسوس امر یہ ہے کہ امت کو خاتون جنت کے فیوض و برکات حاصل کرنے سے روک دیا گیا ہے، سیدہ بی بی کا مزار مبارک ہماری نظروں سے اوجھل کردیا گیا ہے۔ کانفرنس میں سبوخ سید، مولانا محمد اکرم چشتی، مولانا محمد ساجد مکی، مولانا محمد نعیم نعیمی، علامہ حبیب اللہ چشتی، مولانا قاری محمد اسحاق نورانی، مولانا محمد اقبال چشتی، مولانا محمد فاروق قادری، میجر (ر) سہیل عالم صابری، مولانا غلام یسین چشتی، مولانا محمد سلیم بٹگرامی، مولانا محمد مقصود احمد نعیمی، مولانا وسیم اعجاز نعیمی، مولانا قاری محمد انور نعیمی کے علاوہ کثیر تعداد میں علمائے کرام اور عوام الناس نے شرکت کی۔ کانفرنس میں جامعہ نعیمیہ اسلام آباد سے فارغ التحصیل فضلاء کی دستار بندی کی گئی اور اسناد بھی عطا کی گئیں۔ آخر میں پیر عبید احمد ستی نے دعا کرائی۔ کانفرنس کی نظامت صاحبزادہ کاشف گلزار احمد نعیمی نے کی۔
/169