17 مارچ 2017 - 20:18
عراقی وزیرخارجہ: دہشت گردی کے ذرائع کو نابود کرنے پر عراقی وزیرخارجہ کی تاکید

عراق کے وزیرخارجہ نے دہشت گردوں کے ذرائع کو نابود کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق عراقی وزیرخارجہ ابراہیم الجعفری نے بغداد میں او آئی سی کے دفتر کے سربراہ صالح الشاعری سے ملاقات میں کہا کہ دہشت گردی کے ذرائع کا مقابلہ کرنا ضروری ہے۔

انہوں نے اسلامی تعاون تنظیم سے بھی کہا کہ وہ تکفیری دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں عراق کی مدد کرے ۔

عراقی وزیرخارجہ نے کہا کہ حقیقی اسلام کو متعارف کرانے اور امت اسلامیہ کی ساکھ کو بہتر بنانے میں او آئی سی پر سنگین ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اوآئی سی کو چاہئے کہ اسلام کے خلاف ہونے والی تباہ کن سازشوں کا ڈٹ کر مقابل کرے ۔

عراقی وزیرخارجہ نے کہا کہ عراق کے عوام بھی اپنے اور دنیا والوں کے دفاع میں دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں اپنی ذمہ داریاں بخوبی ادا کر رہے ہیں اور اس راہ میں ڈٹے ہوئے ہیں۔

اس ملاقات میں اوآئی سی کے دفتر کے سربراہ صالح الشاعری نے بھی داعش کے خلاف جنگ میں عراقی عوام کی بہادری اور فدا کاری کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ عراق کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بڑی کامیابی نصیب ہوگی اور عراق میں امن قائم ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ داعش کے خلاف عراقی عوام کی کامیابی پوری عرب دنیا اور عالم اسلام کی کامیابی ہوگی۔

.......

/169