7 فروری 2017 - 18:44
شہید مقبول بٹ اور شہید افضل گورو کو ان کی برسی پر آغا حسن کا خراج

انھوں نے کہا کہ کشمیری محکوم قوم اپنے شہدا کے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے پرعزم ہے اور بھارتی جبروبربریت سے کشمیری قوم اپنی برحق جدوجہد سے دستبردار نہیں ہوگی۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ شہید محمد مقبول بٹ اور شہید محمد افضل گورو کو ان کی برسی پر شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ اور سینئر حریت رہنما آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے کہا کہ کشمیریوں کی برحق جدوجہد اور تسلیم شدہ حق خود ارادیت کے مطالبے کے خاتمے کے لئے بھارت جبرو بربریت کے ساتھ ساتھ عدلیہ کو بھی بطور ہتھیار استعمال کرنے کی پالیسی پر گامزن رہا ہے شہید محمد مقبول بٹ اور شہید محمد افضل گورو کی شہادتیں اور حال ہی میں کولگام کے مظفر احمد راتھر کی سنائی گئی سزائے موت اسی سلسلے کی کڑیاں ہیں۔ انھوں نے کہا کہ کشمیری محکوم قوم اپنے شہدا کے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے پرعزم ہے اور بھارتی جبروبربریت سے کشمیری قوم اپنی برحق جدوجہد سے دستبردار نہیں ہوگی۔ انھوں نے کہا کہ شہید محمد مقبول بٹ نے اپنی شہادت سے کشمیری قوم کو اس وقت خواب غفلت سے جگایا جب اندرا عبداللہ ایکارڑ کے بعد کشمیر میں ایک سکوت سا چھایا ہواتھا اور بھارت تنازعہ کشمیر کے حوالے سے راحت محسوس کرنے لگا تھا ۔شہید موصوف کا سانحہ شہادت تحریک کشمیر کے حوالے سے ایک نئے عزم اور نئی صف بندی پر منتج ہوا ۔ شہید افضل گورو کو خراج عقیدت نذر کرتے ہوئے آغا صاحب نے کہا کہ 2014 کے انتخابات سے پہلے بھارتی کانگریس سرکار نے شہید موصوف کو تختہ دار پر چڑھا کر انصاف کا سفاکانہ قتل کرکے ایک تیر سے دو شکار کھیلنے کی کوشش کی تھی لیکن شہید افضل گورو کے خون ناحق نے نہ صرف بھارت میں کانگریس کا صفایا کیا بلکہ رواں جدوجہد میں بھی ایک نئی روح پھونک دی۔ عدالتی قتل کے یہ دو سانحے تاریخ عدلیہ کے سیاہ باب ہیں جو کشمیری حریت پسند قوم کو بھارتی تسلط سے خلاصی کے لئے عزم و استقامت کا حوصلہ عطا کرتے رہیں گے۔ آغا صاحب نے کولگام کے نوجوان مظفر احمد راتھر کو کولکتہ عدلیہ کی طرف سزائے موت دئے جانے کے فیصلے کو کشمیریوں کی تحریک آزادی کے خاتمے کے لئے عدلیہ کے غلط استعمال کی ایک اور مثال سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے ظالمانہ حربوں سے کشمیری قوم مرعوب ہوکر اپنے شہدا کے مشن سے تجدید وفا کے تقاضوں کو فراموش نہیں کرے گی۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲