27 دسمبر 2016 - 08:17
پاکستان کی سابق وزیر اعظم محترمہ بینظیر بھٹو کی نویں برسی

پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے اعلان کیا ہے کہ وہ اور بلاول بھٹو زرداری ضمنی انتخابات میں حصہ لے کر قومی اسمبلی جا رہے ہیں۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کی سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کی نویں برسی پر گڑھی خدا بخش میں منعقدہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے آصف زرداری نے کہا کہ میں نواب شاہ سے اپنی بہن عذرا فضل پیچوہو کی نشست پر جبکہ بلاول بھٹو زرداری لاڑکانہ سے ایاز سومرو کی نشست پر انتخابات میں حصہ لیں گے اور اسی پارلیمنٹ کا حصہ بنیں گے- اٹھارہ مہینے بیرون ملک گذارنے کے بعد تئیس دسمبر کو آصف زرداری نے کراچی پہنچنے پر کہا تھا کہ وہ ستائیس دسمبر کو اہم اعلان کریں گے-
انہوں نے کہا کہ یہ وہی خوشخبری ہے جس کا انھوں نے عوام کو سنانے کا وعدہ کیا تھا-
آصف زرداری نے حکومتی عہدیداروں کو بھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری آپ سے، غریبوں مزدوروں اور پاکستان کے لئے جنگ ہوگی ہم پارلیمنٹ میں آپ کی کرسی کھینچنے نہیں آ رہے ہیں-
آصف علی زرداری نے اپنے دور حکومت کی کارکردگی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے گیس پائپ لائن اور تیل پائپ لائن کا معاہدہ کیا- انہوں نے ایران پاکستان گیس پائپ لائن کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم سستا فیول کیوں نہ لیں ہمیں اس کی اجازت دی جائے- جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وہ حکومت سے گئے اپنے چار مطالبات کو منوانے کے لئے پورے پاکستان کا دورہ کریں گے- انہوں نے کہا کہ ہم سیاسی لانگ مارچ کی تیاری شروع کر رہے ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ وہ جاتی امرا کی بادشاہت ختم کرنے کے لئے پورے پاکستان کا دورہ کریں گے-

۔۔۔۔۔۔۔

/169