اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق ہفتے کے روز تہران میں ملکی اور غیر ملکی صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے اسپیکرعلی لاریجانی نے کہا کہ قومی سلامتی کونسل اور جامع ایٹمی معاہدے پرعملدرآمد کی نگرانی کرنے والی قومی کمیٹی امریکی اقدامات کا مقابلہ کرنے کی غرض سے حتمی فیصلہ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ امریکی کانگریس کا فیصلہ جامع ایٹمی معاہدے کی متعدد شقوں سے متصادم ہے۔
واضح رہے کہ امریکی سینیٹ نے گزشتہ جمعرات کو ایران کے خلاف پابندیوں کے قانون آئی ایس اے کی مدت میں مزید دس سال کی توسیع کی منظوری دے دی ہے۔توقع کی جارہی ہے کہ امریکی صدر براک اوباما بھی اس بل پر جلد دستخط کردیں گے۔
اسپیکرعلی لاریجانی نے اقتصادی ترقی میں غیر ملکی سرمایہ کاری کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ، جامع ایٹمی معاہدے کے بعد، تیل ، گیس اور آٹوموبائل کے شعبے میں بیرونی سرمایہ کے بارے میں مختلف ملکوں کے ساتھ مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے۔
۔۔۔۔۔
/169