اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق عالم اسلام کے ساتھ ساتھ آج مقبوضہ کشمیر کے سرحدی ضلع کرگل میں بھی اربعین شہداء کربلا علیھم السلام پورے مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ حسینی پارک کرگل میں ضلع بھر کے عزادار جمع ہوئے جہاں نماز ظہرین شیخ محمد محقق کی امامت میں ادا کی گئی۔ امام خمینی میموریل ٹرسٹ کرگل کے زیر اہتمام اس جلوس میں شریک عزادار موجودہ بین الاقوامی حالات کی تناظر میں ’’دست خدا برسر ماست خامنہ ای رہبر ماست، اللہ اکبر خامنہ ای رہبر، ھیھات منّا الذلہ، امریکہ مردہ باد، اسرائیل مردہ باد، سعودی حکمراں مردہ باد‘‘ جیسے فلک شگاف نعرے بھی لگا رہے تھے۔ جلوس عزاء سے خطاب میں ایم ایل اے کرگل اصغر علی کربلائی نے فلسفہ شہادت اور اربعین حسینی پر مفصل روشنی ڈالی، انہوں نے کہا کہ اربعین حسینی کا ہدف امام حسین (ع) اور حسینی انقلاب کے ساتھ وابستگی و ہمبستگی کی ایک موثر آواز ہے اور فاسق و فاجر حکمرانوں کے خلاف قیام کا دن ہے۔ انہوں نے کربلائے معلیٰ میں ڈھائی کروڑ زائرین کے جمع ہونے کو امام خمینیؒ کے انقلاب اسلامی کی پرتو قرار دیا۔ اصغر علی کربلائی نے کہا کہ چودہ سو سال پہلے امام حسین (ع) کربلا میں یکہ و تنہا تھے لیکن آج دنیا کے ہر کونے سے لبیک یا حسین (ع) کی صدائیں بلند ہورہی ہیں، جو وقت کے یزید عالمی استکبار اور تکفیری فکر کے منہ پر ایک کاری ضرب ہے۔ انہوں نے یمن پر جاری سعودی حملوں کی بھرپور مذمت کی اور بحرین میں جاری جارحیت اور مراسم عزاء پر پابندی پر تشویش کا اظہار کیا۔ اس ضمن میں انہوں نے اقوام متحدہ اور نام نہاد بین الاقوامی حقوق البشر تنظیموں کی خاموشی پر بھی تنقید کی۔ جلسے کی اختتام پر مولانا شیخ خادم حسین صادقی نے زیارت اربعین کی تلاوت انجام دی۔ جلسہ کے اختتام پر امام خمینیؒ میمیوریل ٹرسٹ کے وائس چیئرمین مولانا غلام عباس کراری نے عالم اسلام میں اتحاد و اتفاق اور وطن عزیز کی خوشحالی کے لئے خصوصی دعا کی۔
/169