19 نومبر 2016 - 10:20
ٹرمپ پاکستان کو دھشتگرد ملک قرار دینا چاہتا ہے: امریکی مشاورتی کونسل کے بھارتی رکن

نومنتخب امریکی صدر ٹرمپ کے بھارتی مشیر کا دعویٰ ہے کہ وہ پاکستان کو دہشت گرد ریاست قرار دینے کا قانون منظور کرلیں گے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق، نومنتخب امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی بھارتی امریکی مشاورتی کونسل اور ایشیائی امریکی مشاورتی کونسل کے رکن بھارتی نژاد شلبھ کمار جو ری پبلیکن ہندو کوالیشن کے بانی اور معروف بزنس مین ہیں، نے دعویٰ کیا ہے کہ ٹرمپ پاکستان کو دہشت گرد ریاست قرار دینے پر مبنی امریکی کانگریس کا بل منظور کرکے پاکستان کو دہشت گرد ریاست قرار دے دیں گے۔

ڈونالڈ ٹرمپ کا یو ٹیوب پر موجود ایک انٹرویو بھی پاکستان میں تشویش کا سبب بن رہا ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان کے نیوکلیئر ہتھیار مسئلہ ہیں البتہ انہوں نے کہا تھا کہ بھارت خود ہی پاکستان سے نمٹ لے گا۔

یاد رہے کہ بھارت نے پاکستان سے قبل نیوکلیئر بم دھماکے کئے تھے لیکن بھارت کے ساتھ امریکا نے سول نیوکلیئر معاہدہ بھی کر رکھا ہے۔

شلبھ کمار کا دعویٰ ہے کہ ٹرمپ اور بھارتی وزیر اعظم نریندرا مودی کی کیمسٹری بھی ایک ہے اور دونوں کے ستارے بھی ملتے ہیں۔ شلبھ کمار الیکٹرانک مصنوعات تیار کرنے والی اے وی جی ایڈوانسڈ ٹیکنالوجیز کے مالک ہیں۔

انہوں نے ری پبلکن ڈونالڈ ٹرمپ کی صدارتی انتخابی مہم میں آٹھ لاکھ اٹھانوے ہزار امریکی ڈالرز چندہ بھی دیا تھا۔

امریکا میں بھارتی لابی کی پاکستان مخالف لابنگ سے محسوس ہوتا ہے کہ پاک بھارت موجودہ کشیدگی کے پیچھے بھی مودی سرکار کو امریکی آشیرباد حاصل ہے۔

یاد رہے کہ شلبھ کمار کے بھارت کی حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی اور انتہاپسند گروہ راشٹریہ سیوک سنگھ سے بھی قریبی تعلقات ہیں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

242