12 نومبر 2016 - 20:16
صدر: ایران اور ہنگری کی باہمی تعلقات کے فروغ پر تاکید

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کہا ہے کہ حکومت ایران کی خارجہ پالیسی اپنے دوست ملکوں منجملہ یورپی یونین کے ملکوں کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینا ہے-

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق ڈاکٹر حسن روحانی نے ہفتے کے روز تہران میں ہنگری کی پارلیمنٹ کے اسپیکر " لازلو کوور" کے ساتھ ملاقات میں ایٹمی مذاکرات میں یورپی یونین کے موثر کردار اور باہمی تعاون کے لئے مشترکہ جامع ایکشن پلان کے مواقع سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانے کی ضرورت پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ ایران ابھرتی ہوئی معیشت کے ساتھ ایک بڑا ملک ہے جس میں اچھی گنجائشیں اور توانائیاں موجود ہیں -

صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے مشترکہ جامع ایکشن پلان کے بعد ایران اور بہت سے ملکوں منجملہ یورپی یونین کے ساتھ ہونے والے معاہدوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان میں سے بہت سے معاہدے عملی شکل اختیار کرچکے ہیں اور ہنگری کی کمپینیاں بھی باہمی تعاون میں توسیع کی غرض سے موجودہ حالات سے فائدہ اٹھا رہی ہیں-

صدر مملکت نے دہشت گردی کا اجتماعی طور پر مقابلہ کرنے کے بارے میں بھی کہا کہ دہشت گردی نہ صرف علاقے بلکہ پوری دنیا کے لئے ایک خطرہ شمار ہوتی ہے اور کوئی بھی ملک اس کے برے نتائج سے محفوظ نہیں رہ سکتا -

صدر حسن روحانی نے عراق ، شام، یمن اور لیبیا کے عوام کی نا گفتہ بہ صورتحال اور ان ملکوں میں جلد از جلد امن و امان کی بحالی کی ضرورت پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ ان ملکوں کے عوام کے رنج و غم کو کم کرنے کے لئے روزمرہ کی ضرورت کی اشیاء منجملہ دوائیں اور غذائی اشیاء ارسال کرنا انسانی اور بین الاقوامی فریضہ ہے-

ہنگری کی پارلیمنٹ کے اسپیکر لازلو کوور نے بھی ایران اور ہنگری کے درمیان باہمی تعاون کی تقویت کی ضرورت پر تاکید کرتےہوئے کہا کہ بوڈا پیسٹ تہران کے ساتھ تمام شعبوں میں تعاون کے فروغ میں پرعزم ہے-

۔۔۔۔۔۔۔

/169