12 نومبر 2016 - 12:41
افغانستان میں امریکی فوجی اڈے پر خود کش حملہ

افغانستان میں نیٹو ایئربیس کے قریب دھماکے کے نتیجے میں چار افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق صوبہ پروان کے گورنر ہاؤس کے ترجمان واحد صدیقی نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ بگرام میں نیٹو کے سب سے بڑے ایئر بیس کو خود کش حملے کا نشانہ بنایا گیا ہے۔دھماکے میں چار افراد ہلاک اور پندرہ سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں کو قریبی ہسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے۔ اسپتال کے ذرائع نے مرنے والوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ افغانستان نے یہ نہیں بتایا کہ مرنے والے فوجی ہیں یا پھر عام شہری۔ دوسری جانب طالبان کے ترجمان نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔ طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے دعوی کیا ہے کہ اس حملے میں تیئیس امریکی فوجی ہلاک اور چوالیس زخمی ہوئے ہیں۔ تاحال امریکی اور افغان حکام نے طالبان کے دعوے کی تردید یا تصدیق نہیں کی ہے۔دو ہفتے پہلے بھی طالبان نے بگرام ایئر بیس کو حملے کا نشانہ بنایا تھا جس میں بارہ امریکی فوجی مارے گئے تھے۔ کابل سے ساٹھ کلومیٹر کے فاصلے پر واقع بگرام ایئر بیس افغانستان میں امریکہ کا اہم ترین فوجی ٹھکانہ ہے جس پر اکثر حملے ہوتے رہے ہیں۔

۔۔۔۔۔۔۔

/169