اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ دہشت گرد عناصر نے عراق کے دارالحکومت بغداد کے الفضیلیہ علاقے میں سڑک کے کنارے نصب کئے جانے والے بم سے دس عام شہریوں کو شہید کردیا۔ باخبر ذرائع نے بتایا ہے کہ بغداد کے جنوبی مضافات میں واقع الدورہ علاقے میں بھی دہشت گردوں نے مارٹر گولوں کے ذریعے حملہ کرکے سات شہریوں کو شہید کردیا۔ واضح رہے کہ دہشت گرد عناصر نے اتوار کو بھی بغداد کے جنوبی علاقے جعارہ میں عام شہریوں کو نشانہ بنایا تھا جس کے نتیجے میں ایک شہری شہید اور سات دیگر زخمی ہوگئے۔
دہشت گردوں نے دارالحکومت بغداد کے شمال مشرقی علاقوں میں بھی دو عام شہریوں کو شہید اور چھے دیگر کو زخمی کردیا تھا۔ ماہرین کا خیال ہے کہ داعش دہشت گردوں اور بعض عرب اور مغربی ممالک کی خفیہ ایجنسیاں، ان دہشت گردانہ اقدامات کی حمایت کر رہی ہیں تا کہ موصل کی جانب عراقی مسلح افواج کی پیش قدمی میں رکاوٹ پیدا کی جا سکے۔ ادھر عراق کے فوجی ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ سن دو ہزار سولہ کے اختتام تک موصل شہر کو آزاد کرا لیا جائے گا جو سن دو ہزار چودہ سے داعش دہشت گرد گروہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲