اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ العالم کی رپورٹ کے مطابق عراقی فورسیز نے شمالی عراق کے شہر موصل میں داعش دہشت گردوں کے خلاف کاروائی جاری رکھتے ہوئے شہرموصل کے جنوب میں واقع حمام العلیل شہر کے کئی دیہی علاقوں منجملہ الزفتیہ ، طقطق ، سنانیک اور طیبہ کو آزاد کرا لیا ہے-
عراقی فورس کے ایک کمانڈر سامی العارضی نے بھی کہا ہے کہ اس ملک کے فوجیوں نے داعش دہشت گردوں کو بہت زیادہ جانی اور مالی نقصان پہنچایا ہے اور جمعے کے روز مشرقی موصل کے محلوں میں ہونے والی جھڑپوں میں دوسو داعشی دہشت گرد ہلاک کردیئے گئے ہیں-
ان علاقوں میں فوج کی پیشقدمی جاری ہے اور الزہرا محلے میں داعش کے ساتھ ان کی لڑائی جاری ہے-مغربی موصل میں بھی عوامی رضاکار فورس نے چھپن سے زائد دیہی علاقوں کو آزاد کرالیا ہے-عراق سے موصولہ خبروں میں کہا گیا ہے کہ عراقی فورسیز ، آج دوپہر سے قبل جنوبی موصل کے شہر حمام العلیل میں داخل ہوگئی ہیں اور اس شہر کی سب سے بلند عمارتوں پرعراق کا پرچم لہرا دیا ہے -
دوسری طرف عراقی پارلیمنٹ کی ایمیگریشن کمیٹی نے خبر دی ہے کہ موصل کی آزادی کی کارروائی کے آغاز سے اب تک انتیس ہزار عراقی صوبہ نینوا چھوڑ کر چلے گئے ہیں -
اس کمیٹی کے سربراہ رعد الدھلکی نے ہفتے کے روز کہا کہ موصل میں داعش دہشت گردوں کے خلاف عراقی فوج کی وسیع پیمانے پر جاری کاروائیوں کے باوجود ، ممکن ہے آئندہ دنوں میں اس تعداد میں مزید اضافہ ہو اور یہ تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کر جائے -
ادھر عراق کے دارالحکومت بغداد کے شیخ عمر نامی ریسٹورنٹ میں ایک دھماکہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں تین افراد جاں بحق اور متعدد دیگر زخمی ہوگئے ہیں-
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲