اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ سرینگر/ انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ اور سینئر حریت رہنما آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے ہند پاک سرحد پر روز افزوں کشیدگی اور جنگ جیسی صورتحال کو برصغیر کے امن واستقام کیلئے سنگین خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ دو ہمسایہ ممالک کے درمیان بڑھ رہی مخاصمت تنازعہ کشمیر پر بامعنی مذاکرات کی متقاضی ہے۔ آغا صاحب نے کہا کہ بنیادی مسئلہ کشمیر کو حل کئے بغیر بھارت اور پاکستان کے درمیان بہتر تعلقات کا خواب نہ کبھی ماضی میں شرمندہ تعبیر ہوا اور نہ مستقبل میں ہوسکتا ہے۔ ایک دوسرے پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کے الزامات اور آئے روز گولہ باری کے تبادلہ میں قیمتی جانوں کا زیاں باعث تشویش ہے اور ایسی صورتحال کسی کے بھی مفاد میں نہیں۔
آغا حسن نے کہا کہ بھارت اور پاکستان کو ایک دوسرے کی عسکری قوت اور جنگی صلاحیتوں کا بھر پور اندازہ ہے اور دونوں ممالک ایک اور جنگ کے خوفناک نتائج سے بھی پوری طرح واقف ہے۔ ان حالات میں دونوں ممالک کو انے محفوظ اور روشن مستقبل کیلئے بنیادی مس ¿لہ کشمیر کو حل کرنے کیلئے نتیجہ خیز مذاکرات کا راستہ اپنانے کے سوا اور کوئی چارہ کار نہیں۔ آغا صاحب نے آثار شریف سورہ میں عوام پر فورسز کی بربریت کی پُرزور الفاظ میں مذمت کی اور اس واقعہ میں ہوئے درجنوں زخمیوں سے یکجہتی و ہمدردی کا اظہار کیا۔ آغا صاحب نے صورہ کے غیور عوام کو خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے زیارت گاہ کے تقدس کو محفوظ رکھنے کیلئے اپنی جان جونکھوں میں ڈالی اور فورسز کے ارادوں پر پانی پھیر دیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲