31 اکتوبر 2016 - 08:24
روس کا یورپ کو امریکہ پالیسیوں کی پیروی کی بابت سخت انتباہ

روس کے صدر ولادی میر پوتن نے یورپ کو امریکہ کی پالیسیوں کی پیروی کی بابت سخت خبردار کیا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق سوچی میں سیاسی اقتصادی نشست سے خطاب کرتے ہوئے صدر ولادی میر پوتن نے کہا کہ واشنگٹن، ماسکو کو ایک خطرہ بنا کر پیش کرتا ہے اور رشیافوبیا، امریکہ کے لیے ایک منافع بخش تجارت بن گیا ہے۔ انہوں نے امریکہ کی روس مخالف پالیسیوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ مغرب اور امریکہ میں روس کی جانب سے فوجی خطرات کا راگ الاپنا ایک معمول بن گیا ہے۔

صدر پوتن نے کہا کہ روس کا خوف پھیلا کر نیٹو کے رکن ملکوں کے فوجی بجٹ میں اضافہ کرایا جاتا ہے اور یوں اتحادی ممالک ایک بڑی طاقت کے مفادات کے لیے کام کرتے ہیں۔ روسی صدر نے کہا کہ امریکہ کی روس مخالف پالیسی کے تحت نیٹو کو توسیع دی جاتی ہے، اس کی فوجی تنصیبات روسی سرحدوں پر بنائی جاتی ہیں اور جدید ترین ہتھیاروں سے لیس فوجی دستے علاقے میں تعینات کیے جاتے ہیں۔

انہوں نے امریکہ کی رشیا فوبیا پالیسی کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ روس کی جانب سے خطرات کے بے بنیاد پروپیگنڈے کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ صدر پوتن نے امریکہ کے صدارتی انتخابات پر اثرانداز ہونے کی کوششوں کو روس کے خلاف ایک اور بے بنیاد پروپیگنڈا قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکی حکام اس کےذریعے ملکی رائے عام کی توجہ اصل مسائل سے ہٹانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

.......

/169