29 اکتوبر 2016 - 09:49
ایران، روس اور شام کے باہمی تعاون کے باعث امریکی اسٹریٹیجی ناکام

ایران روس اور شام کے وزرائے خارجہ نے مستقبل میں دہشت گردی کے خلاف جنگ کے بارے اپنے تعاون کا طریقہ کار وضع کیا ہے-

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق ماسکو میں ایران، روس اور شام کے وزرائے خارجہ کے سہ فریقی اجلاس کے بعد ایک بیان جاری کیا گیا جس میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تینوں ملکوں کے تعاون پر تاکید کی گئی ہے- سہ فریقی اجلاس کے اختتام پر تینوں ملکوں کے وزرائے خارجہ نے اعلان کیا کہ علاقے میں دہشت گردی کے خلاف جنگ اور خاص طور پر شام میں دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں دمشق کے ساتھ تعاون کے تعلق سے ایران روس اور شام کا موقف ایک جیسا ہے -

روسی وزیرخارجہ سرگئی لاوروف نے اس موقع پر کہا کہ ایران، شام اور روس نے اپنے سہ فریقی اجلاس میں دہشت گردی کے خلاف جنگ کے لئے جو ضروری اقدامات کئے جانے ہیں ان پر اتفاق کیا ہے - ماسکو میں ہونےوالے اس سہ فریقی اجلاس کا ایجنڈا، دہشت گردی خاص طور پر شام میں دہشت گردی سے سختی کے ساتھ نمٹنے کے طریقہ کار کا تعین کرنا تھا -روسی وزیرخارجہ نے کہا کہ تینوں ملکوں نے شام میں دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے لئے ضروری اقدامات کی انجام دہی کے لئے مشترکہ آمادگی پر زوردیا ہے -

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیرخارجہ محمد جواد ظریف نے بھی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شام کے ساتھ ایران اور روس کے تعاون کے تعلق سے تہران اور ماسکو کے موقف میں یکسانیت پر زوردیا - ایران کے وزیرخارجہ نے شام کے بحران کو سیاسی طریقے سے حل کئے جانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہاکہ یہ بحران اسی صورت میں حل ہوگا جب تکفیری دہشت گرد گروہوں کے لئے غیر ملکی امداد بند ہوجائے گی -

شام کے وزیرخارجہ ولید المعلم نے بھی کہا ہے کہ امریکا شام کے بحران کو سیاسی طریقے سے حل کرنے کے لئے کوئی تعاون نہیں کررہا ہے - ان کا کہنا تھا کہ ستمبر میں جنیوا میں روس اور امریکا کے درمیان ہونے والا سمجھوتہ بھی ناکام رہا کیونکہ واشنگٹن شام کے بحران کو حل کرنے میں دلچسپی نہیں رکھتا - شامی وزیرخارجہ نے کہا کہ امریکا صرف اپنے اور علاقے میں اپنے اتحادیوں کے مفادات کے لئے کام کرتاہے -

شامی وزیرخارجہ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رکھنے کی اہمیت پر ایک بار پھر زوردیا - سہ فریقی اجلاس سے قبل ایران اور روس کے وزرائے خارجہ نے دوطرفہ ملاقات بھی کی جس میں اہم علاقائی مسائل زیر غور آئے - ایران کے وزیرخارجہ نے اس ملاقات میں کہاکہ علاقائی مسائل منجملہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف جنگ میں تہران اور ماسکو کے تعاون کا دائرہ کافی وسیع ہے - اس ملاقات میں ایران اور روس کے درمیان ہوئے سمجھوتوں پر جلد سے جلد عمل درآمد پر بھی زور دیا گیا-

.......

/169