24 اکتوبر 2016 - 05:19
مصری عدالت نے جنرل عبدالفتاح السیسی کی حکومت کو مستحکم بنانے کا راستہ ہموار کردیا/ مرسی کو 20 سال قید کی سزا

مصر کی اخوان المسلمین نے محمد مرسی کو بیس سال قید کی سزا سنائے جانے کے فیصلے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کل ہزاروں مرسی مصر میں جاگ اٹھیں گے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق، اخوان المسلمین گروہ کے احتجاجی بیان میں آیا ہے کہ محمد مرسی کے طرفدار وہ ہیں جو ایک ہاتھ سے انقلاب بپا کرتے ہیں تو دوسرے ہاتھ سے وطن کی تعمیر۔ اخوان المسلمین کا بیان اس وقت منظرعام پر آیا جب اپیل کورٹ نے بھی سابق صدر محمد مرسی کو الاتحادیہ محل کے واقعات میں مجرم ٹہرا کر، ان کو بیس سال قید کی سزا کی تائید کردی ۔

واضح رہے کہ اس کیس میں مرسی سمیت آٹھ دیگر ملزمین کو مجرم ٹہرایا گیا ہے۔ محمد مرسی کے ایک وکیل نے کہا ہے کہ مصر کے سابق صدر کو پانچ مختلف کیس کے ساتھ عدالت میں پیش ہونا پڑے گا۔

وادی النظرون جیل کے واقعے میں عدالت نے ابتدائی حکم جاری کردیا ہے جس میں محمد مرسی کو سزائے موت سنائی گئی ہے۔ اس کیس کی سماعت پندرہ نومبر کو ہوگی۔ اس کے علاوہ محمد مرسی کو قطر کے لئے جاسوسی کے جرم میں چالیس سال قید کی سزا سنائی جا چکی ہے جسے بڑی جاسوسی کا نام دیا گیا ہے۔

مصر کے سابق صدر کو عدالتی نظام کی توہین کے سلسلے میں بھی ملزم ٹہرایا گیا ہے جس کی سماعت چھے نومبر کو کی جائے گی۔ یاد رہے کہ سن دو ہزار تیرہ میں جنرل عبدالفتاح السیسی نے فوجی بغاوت کرکے مصر کی پہلی عوامی منتخب حکومت کا تختہ الٹ دیا تھا۔

مصر کی عدالت نے بھی محمد مرسی اور ان کے حامیوں کو موت کی ‎سزائیں اور طویل مدت قید کی سزا سنا کر، جنرل عبدالفتاح السیسی کی حکومت کو مستحکم بنانے کا راستہ ہموار کیا ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔

/169