23 اکتوبر 2016 - 18:06
ایران؛ بحیرہ خزر کے قوانین کے حوالے سے وزرا اور نائب وزرائے خارجہ کا اجلاس

بحیرہ خزر کی تقسیم کے قوانین کو لیکر اتوار کو تہران میں وزرا اور نائب وزرائے خارجہ کا اجلاس شروع ہوا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ بحیرہ خزر کی تقسیم کے قوانین کو لیکر اتوار کو تہران میں وزرا اور نائب وزرائے خارجہ کا اجلاس شروع ہوا ہے۔

افتتاحیہ تقریب میں ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے کہا کہ تقسیم کے نئے قوانین کی تدوین کے لئے بحیرہ خزر کے اطراف میں واقع تمام ممالک کے مفادات کو مدنظررکھنا ہوگا۔

انہوں نے باہمی اعتماد، اتفاق رائے، فکری اتحاد اور آئندہ نسلوں کی جانب سے احساس ذمہ داری کو قوانین کی تدوین کے لئے انتہائی ضروری قرار دیا۔ ایران کے وزیر خارجہ نے امید ظاہر کی کہ ساحلی ممالک کے لیڈروں کے مضبوط ارادے اور نیک نیتی سے قوانین کی تدوین کی رفتار میں تیزی آئے گی۔

محمد جواد ظریف نے اس نشست سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امن و پائیداری، مستحکم ترقی اور منصفانہ طریقے سے بحری حدود کے تعین وہ اصول ہیں جن کی بنیاد پر بحیرہ خزر کے قوانین کی تدوین ہونی چاہئے۔

ایران کے وزیر خارجہ نے اس موقع پر اجلاس میں شریک وفود اور اعلی عہدیداروں سے اپیل کی کہ بحیرۂ خزر کے ایکو سسٹم کی حفاظت کے لئے سنجیدگی سے کام لیں اور مناسب اور موثر راہ حل تلاش کریں۔

ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے علاقے میں ایران کی ممتاز پوزیشن کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران انرجی کی ترسیل کے سلسلے میں بحیرہ خزر کے اطراف میں واقع ممالک کو خصوصی رعایت دینے کے لئے تیار ہے۔

واضح رہے کہ یہ نشست بحیرہ خزر کی تقسیم کے قوانین کی تدوین کے لئے سینتالیسویں بار منعقد کی گئی ہے۔ آذربائیجان، روس، قزاقستان اور ترکمنستان کے وزرائے خارجہ نے تہران اجلاس میں شرکت کی ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲