20 اکتوبر 2016 - 15:06
ایران، دنیا بھر کے ممالک کے ساتھ پرامن بقائے باہمی کا خواہاں: صدر روحانی

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے زور دے کر کہا ہے کہ ایران، مشرق وسطی اور دنیا بھر کے ممالک کے ساتھ پرامن بقائے باہمی کا خواہاں ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔  اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے یہ بات  برآمدات کے قومی دن کے موقع پر ایک اجلاس کو خطاب کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ دنیا والوں کو دکھایا جائے کہ سیاست اور معیشت کے میدان میں ایران کا مقام کتنا اونچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح ثابت کیا جا سکتا ہے کہ ایرانوفوبیا کی ظالمانہ پالیسی بے بنیاد تھی۔

ڈاکٹر حسن روحانی نے اس دوران جامع ایٹمی معاہدے کے نتائج پرروشنی ڈالتے ہوئے اسے تاجروں، روزگار کے نئے مواقع فراہم کرنے والوں اور برآمدات کرنے والوں کے لئے ایک مناسب موقع قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ اس معاہدے کے نتیجے میں خدمات کے شعبے، غیرملکی سرمایہ کاری اور بین الاقوامی بینکنگ کا راستہ ہموار ہوا ہے۔ ایران کے صدر نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ بین الاقوامی مارکیٹوں میں تجارت اور ایرانی مصنوعات کی موجودگی کے ذریعے معاشی ترقی کو ممکن بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ غیرملکی دورے اسی ہدف کے تحت انجام دئے گئے ہیں۔ صدر حسن روحانی نے کہا کہ تجارت میں فروغ کے لئے ایران کے سفارتخانوں اور قونصل خانوں کا بھی مرکزی کردار ہونا چاہئے لہذا وزارت خارجہ کو بھی اس سلسلے میں بڑھ چڑھ کے اپنی ذمہ داری ادا کرنا ہوگی۔ انہوں نے زور دیکر کہا کہ قومی پیداوار اور برآمدات کے شعبے کی کامیابی کے لئے، اسلامی جمہوریہ ایران کی پالیسیاں تعمیری تعاون پر استوار ہیں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲