18 اکتوبر 2016 - 15:34
داعش کے عناصر کو عراق سے شام فرار ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی

روسی وزیرخارجہ نے کہا ہے کہ داعش کے عناصر کو عراق کے شہر موصل سے شام فرار ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی -

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق روسی وزیرخارجہ سرگئی لاوروف نے عراق کے شہر موصل میں داعش کے خلاف عراقی افواج کی کارروائیوں کو حساس قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ داعش کے عناصر کو عراق سے شام فرار کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور اس کے لئے ضروری اقدامات کئے جائیں گے - روسی وزیرخارجہ نے کہا کہ موصل ایک بڑا شہر ہے جس کی آبادی پندرہ لاکھ ہے اس لئے ہم اس کو آزاد کرانے کی کارروائیوں پر گہری نظررکھے ہوئے ہیں- ان کا کہنا تھا کہ موصل کے آس پاس کی گذرگاہیں داعش کے عناصر کو وہاں سے شام فرارہونے میں آسانیاں فراہم کرسکتی ہیں اورہم اس پہلو پر بھی نظر رکھے ہوئے ہیں- روسی وزیرخارجہ نے کہا کہ ہم داعش کے فرار کا راستہ بند کرنے کے لئے ضروری سیاسی اور فوجی اقدامات کریں گے - انہوں نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ امریکا اور اس سے وابستہ اتحاد بھی داعش کے ممکنہ طورپر شام کی جانب فرار کرنے کے معاملے پر توجہ دیں گے - روسی وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ موصل کی آزادی کی کارروائیوں کو سخت مراحل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے - انہوں نے کہا کہ نیویارک اور جنیوا میں اقوام متحدہ کے دفاتر نے خیال ظاہر کیا ہے کہ موصل کی آزادی کی کارروائیوں کے دوران اس شہر سے دو لاکھ سے نو لاکھ تک لوگ محفوظ مقامات کی جانب نقل مکانی کریں گے لیکن عراق، شام اور پڑوس کے ملکوں کے پاس ان پناہ گزینوں کو اپنے یہاں جگہ دینے کے لئے ضروری توانائی اور وسائل نہیں ہیں -

۔۔۔۔۔۔۔

/169