اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ جارح سعودی اتحاد نے اعتراف کر لیا ہے کہ وہ حملہ ہوائی اسی نے کیا تھا جس میں ایک سو چالیس بے گناہ شہری شہید ہوگئے تھے - یہ اعترافی رپورٹ خود سعودی اتحاد کے ذریعے بنائی گئی ایک تحقیقاتی کمیٹی نے اپنی تحقیقات کے بعد جاری کی ہے - جبکہ یمنی حکام اور انسانی حقوق کی دیگر تنظیموں کا مطالبہ ہے کہ صنعا پر ہونے والی وحشیانہ بمباری کی آزادانہ طریقے سے تحقیقات کرائی جائیں - سعودی عرب کے ذریعے تشکیل دی گئی تحقیقاتی کمیٹی نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ یہ حملہ غلطی سے ہوگیا تھا - ساتھ ہی کمیٹی کے ارکان نے سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں سے کہا ہے کہ وہ اس حملے میں مرنےوالوں کے لواحقین کو تاوان ادا کریں- خود سعودی عرب کے ذریعے تشکیل دی گئی اس تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ میں حملے کا ذمہ دار سعودی عرب اوراس کے اتحادیوں کو ایک ایسے وقت قرار دیا گیا ہے جب سعودی عرب نے اس سے پہلے کہا تھا کہ اس نے یہ حملہ نہیں کیا ہے - ایک ہفتے قبل سنیچر کو صنعا میں ایک مجلس ترحیم پر سعودی عرب اور اس کے ا تحادیوں کے طیارے کے حملے میں ایک سو چوالیس عام شہری شہید اور پانچ سو سے زائد زخمی ہوگئے تھے - امریکا نے سعودی عرب کے اس وحشیانہ حملے کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ سعودی عرب نے یہ حملہ اپنے شہریوں کے دفاع کے لئے کیا ہے - یمن کی عوامی انقلابی تحریک انصاراللہ کے سربراہ عبدالملک الحوثی نے حملے کے بعد اپنے ایک خطاب میں کہا تھا کہ سعودی عرب کے اس وحشیانہ حملے میں امریکا اور اسرائیل بھی برابر کے شریک ہیں -
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲