اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق ایران کی وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے شام کے واقعات کے بارے میں رابطوں اور صلاح مشورے کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے پچھلے چند گھنٹوں کے دوران دوسری بار ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف سے ٹیلی فون پر بات چیت کی-
یورپی یونین کے شعبہ خارجہ پالیسی کی سربراہ فیڈریکا موگرینی نے بھی بدھ کو ایران کے وزیر خارجہ سے اپنی ٹیلی فونی گفتگو میں علاقے کی صورتحال خاص طور پر شام کے بحران پر تبادلہ خیال کیا تھا- اس ٹیلی فونی گفتگو میں یورپی یونین کے شعبہ خارجہ پالیسی کی سربراہ نے اہم بین الاقوامی اور علاقائی کھلاڑیوں اور اقوام متحدہ کے مابین باہمی تعاون سے سیاسی عمل کو دوبارہ بحال کرنے اور شام کے شمالی شہر حلب اور دیگرمحصور علاقوں میں لوگوں کے لئے فوری امداد رسانی کے لئے حالات سازگار بنانے کے تعلق سے ایران کے وزیرخارجہ سے بات چیت کی۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے بھی روسی وزیر خارجہ لاوروف اور یورپی یونین کے شعبہ خارجہ پالیسی کی سربراہ موگرینی سے ٹیلی فونی گفتگو میں دہشت گردی اور دہشت گرد گروہوں کے خلاف جنگ کے تعلق سے ایران کے موقف کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ایران شام کے بحران کو فوری طور پر سیاسی طریقے سے حل کرنے پر زور دیتا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔
/169