اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے افغانستان اور نائیجیریا کے مختلف شہروں میں حضرت امام حسین علیہ السلام کے عزاداروں پر کئے جانے والے حملوں کی مذمت کی ہے۔
بہرام قاسمی نے بدھ کے دن نائیجیریا کے مختلف شہروں میں سید الشہدا حضرت امام حسین علیہ السلام کے عزاداروں پر کئے جانے والے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے تاکید کی کہ وہابی حلقوں سے وابستہ انتہا پسند عناصر کی جانب سے حضرت امام حسین علیہ السلام کے عزاداروں کے خلاف انجام پانے والے وحشیانہ اور تشدد آمیز اقدامات کی روک تھام کی جانی چاہئے اور ان حملوں میں ملوث عناصر کو فوری طور پر گرفتار کر کے عدالت کے کٹہرے میں کھڑا کیا جانا چاہئے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے تاکید کے ساتھ کہا کہ حضرت امام حسین علیہ السلام کے عزاداروں کے تحفظ اور عزاداری کے پروگراموں کو سیکورٹی فراہم کرنے کی ذمےداری نائیجیریا کی حکومت پر عائد ہوتی ہے۔
بہرام قاسمی نے افغانستان کے شہروں بلخ اور کابل میں سید الشہدا حضرت امام حسین علیہ السلام کےعزاداروں پر کئےجانے والے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان میں بے گناہ عزاداروں کےقتل عام سے اس بات کی نشاندہی ہوتی ہے کہ دہشت گرد اور ان کے حامی ملت اسلامیہ کے اتحاد کے دشمن ہیں اور یہ دشمنی کبھی ختم ہونے والی نہیں ہے۔
بہرام قاسمی نے افغانستان کے عوام، حکومت اور دہشت گردانہ حملوں میں شھید ہونے والوں کے لواحقین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲