11 اکتوبر 2016 - 09:24
تاریخی محرم جلوسوں پر 26 سالہ قدغن ، بھارتی سیکولرزم کا اصل چہرہ۔ آغا حسن

کشمیر میں بھارتی جبروبربریت اپنے انتہا کو پہنچ چکی ہے محرم جلوسوں کے دوران بھارتی جبروبربریت کے خلاف نفرت و بیزاری کے جذبات ایک فطری امر ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں لالچوک سرینگر سے برآمد ہونے والے 8 اور 10 محرم الحرام کے تاریخی جلوس ہائے عزا پر 26سال سے متواتر حکومتی پابندیوں کو بھارت کے سیکولرزم کا اصل چہرہ قرارد یتے ہوئے انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ اور سینئر حریت رہنما حجة الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے کہا کہ بھارت کشمیریوں کی سیاسی آزادی کے ساتھ ساتھ مذہبی آزادی کو بھی سلب کرنے کی پالیسی پر گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ لالچوک کے تاریخی جلوس عزا کشمیر کی روایتی فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور ملی اتحاد کی علامت اور ہر طبقہ ہائے فکر کے کشمیریوں کیلئے یکسان عقیدت کے حامل ہیں جن پر سرکار نے گزشتہ 26 سال سے قدغن عائد کرکے اہل کشمیر کے جذبات کو مجروح کیا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محرم جلوس شہدائے کربلا کے کردار و عمل سے عشق و عقیدت اور ہر قسم کی ظلم و بربریت کے خلاف نفرت کا مظاہرہ ہے۔ کشمیر میں بھارتی جبروبربریت اپنے انتہا کو پہنچ چکی ہے محرم جلوسوں کے دوران بھارتی جبروبربریت کے خلاف نفرت و بیزاری کے جذبات ایک فطری امر ہے۔ حکومتی قدغن کے باوجود گروبازار سرینگر سے جلوس علم شریف برآمد کرنے کی کوشش کرنے والے عزاداروں پر پولیس تشدد اور عزاداروں کی گرفتاریوں کی پُرزور مذمت کرتے ہوئے آغا صاحب نے کہا کہ ریاست کی موجودہ سنگین ترین صورتحال کے باوجود ریاستی انتظامیہ نے امرناتھ یاترا کی پُرامن عمل آوری کیلئے کوئی کسر باقی نہ اٹھارکھی اور قیامت خیز حالات میں بھی امرناتھ یاترا پُرامن طور پر اختتام پذیر ہوئی لیکن لالچوک کے تاریخی محرم جلوسوں کے حوالے سے اپنی روایتی پالیسی کو برقرار رکھتے ہوئے ریاستی انتظامیہ نے ملت اسلامیہ کشمیر کے دینی جذبات کو مجروح کرنے کی روش تبدیل نہیں کی ۔ دریں اثنا 8 ویں محرم کو بھی وادی کے اطراف و اکناف میں کئی مقامات پر انجمن شرعی شیعیان کے اہتمام سے علم شریف کے جلوس برآمد کئے گئے جن میں دسیوں ہزار عزداروں نے شرکت کی۔جن مقامات پر جلوس ہائے عزا برآمد ہوئے ان میں پالر بڈگام، دوین چاڈورہ، آباد پورہ، ملک گنڈ چھاتر گام، اسکندر پورہ، مدین صاحب جڈی بل، گلشن باغ بوٹہ کدل، اوڑینہ سوناواری، گنڈ نوگام، سونہ برن اندرکوٹ، گاڑہ کھوڑ گامدو، کھنہ پٹھ بارہمولہ، زاڈی محلہ پٹن اور کانلو پٹن وغیرہ شامل ہیں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲