9 اکتوبر 2016 - 17:00
شاہراہ ریشم کے احیا میں تاریخی کردار ادا کرنےکے لیے تیار ہیں: صدر

صدر مملکت حسن روحانی نے ایران اور چین کے درمیان طے پانے والے سمجھوتوں پر فوری اور مکمل عملدرآمد کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق تھائی لینڈ کے دارالحکومت بینکاک میں ایشین کوآپریشن ڈائیلاگ اے سی ڈی کے سربراہی اجلاس کے موقع پر چین کے نائب صدر لی یوان چیاؤ سے بات چیت کرتے ہوئے صدر حسن روحانی نے مختلف شعبوں میں ایران چین تعلقات کو اہم قرار دیا۔ صدر حسن روحانی نے کہا کہ ایران اور چین کے درمیان طے پانے والے سمجھوتوں پر مکمل اور تیز رفتاری کے ساتھ علمدرآمد کے نتیجے میں دونوں ملکوں کے درمیان اسٹریٹیجک تعلقات بھی تیزی کے ساتھ فروغ پائیں گے۔

صدر کا کہنا تھا کہ اسلامی جمہوریہ ایران، تیل ،گیس، ٹرانسپورٹ اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں چین کی سرمایہ کاری کا خیر مقدم کرتا ہے۔ انہوں نے یہ بات زور دیکر کہی کہ اسلامی جمہوریہ ایران علاقائی ترقی کی غرض سے شاہراہ ریشم کے احیا کے لیے اپنا تاریخی کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔

ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ اکثر علاقائی اور عالمی معاملات میں ایران اور چین کے نظریات میں ہم آہنگی پائی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین خطے میں امن کی بحالی اور شام سمیت علاقے کے مظلوم لوگوں تک انسان دوستانہ امداد کی فراہمی میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

چین کے نائب صدر لی یوآن چیان نے اس موقع پر کہا کہ بیجنگ اور تہران کے تعلقات نئے مرحلے میں داخل ہوگئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ چین ایران تعلقات اسٹریٹیجک سطح پر آ گئے ہیں اور دونوں ملکوں کے درمیان طے پانے والے سمجھوتوں پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔

چین کے نائب صدر نے دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی اور بینکاری لین دین میں اضافے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ چین کی حکومت ملک کے مالیاتی اداروں کو ایران کے ساتھ لین دین کے فروغ کی ترغیب دلا رہی ہے۔

.......

/169