9 اکتوبر 2016 - 16:08
امریکہ، شامی فضائیہ کے ٹھکانوں پر بمباری کرنے کا ارادہ رکھتا ہے: روس

روس کی وزارت خارجہ نے شام میں جنگی جرائم کے امریکی الزامات کی بابت سخت خبردار کیا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریہ زاخارووا نے کہا کہ امریکی وزیر خارجہ کو روس پر الزام لگانے سے پہلے اس کے قانونی نتائج کے بارے میں غور کر لینا چاہیے۔

امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے روس پر شام میں جنگی جرائم کے ارتکاب کا الزام لگایا ہے۔ روسی وزارت خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ اگرچہ امریکی وزیر خارجہ کا بیان پروپیگنڈا مہم کا حصہ ہے لیکن اس قسم کی اصطلاحات کا استعمال انتہائی خطرناک ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ امریکی وزیر خارجہ اس قسم کی اصطلاحات استعمال کرکے صورتحال کو مزید بدتر کرنا چاہتے ہیں۔ ماریا زاخارووا نے کہا کہ امریکہ کو الزام تراشی سے پہلے اپنے گریبان میں جھانک لینا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کو اپنے جنگی جرائم کو نہیں بھولنا چاہیے جن کا ارتکاب وہ دنیا بھر میں کر رہا ہے۔

روسی وزارت خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ جنگی جرائم کی بات ہمیں پہلے عراق، لیبیا اور یمن سے شروع کرنا ہوگی اور دیکھنا ہوگا کہ وہاں کیا ہو رہا ہے۔ انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ ایسے الفاظ کا استعمال انتہائی خطرناک ہے، کیونکہ عملی طور پر جہاں بھی امریکی حکام ملوث ہیں وہاں جنگی جرائم کا ارتکاب کیا جارہا ہے۔

روسی وزرات خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ روس نے ان خبروں کے بعد کہ امریکہ ، شامی فضائیہ کے ٹھکانوں پر بمباری کرنے کا ارادہ رکھتا ہے، شام میں ایس تھری ہنڈریڈ میزائل سسٹم نصب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

۔۔۔۔۔

/169