اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے بدھ کو تہران میں، مشرقی ایشیا کے ملک ویتنام کے اپنے دورے کے اہداف کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پڑوسی اور ایشیائی ممالک ثقافتی ، سائنس و ٹکنالوجی اور اقتصادی لحاظ سے اسلامی جمہوریہ ایران کے لئے بہت اہمیت رکھتے ہیں-
ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا مشرقی ایشیا کے ملک ویتنام میں اقتصادی میدان میں مثبت تبدیلیاں رونما ہوئی ہیں اور ایران کے ساتھ اس کے تعلقات بھی اچھے ہیں اور تہران تمام شعبوں خاص طور پر ٹکنیکل اور انجینئرنگ کے شعبے میں ویتنام کے ساتھ تعلقات میں توسیع کا خواہاں ہے-
ڈاکٹر روحانی نے اسی طرح اسلامی ملک ملائیشیا کے ساتھ بھی ایران کے اچھے تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے دورہ ملائیشیا میں اس ملک کے حکام کے ساتھ ثقافتی ، اقتصادی ، سائنس و ٹکنالوجی اور علاقے نیز عالم اسلام کے مسائل کے حوالے سے بات چیت کریں گے-
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے تھائی لینڈ میں ایشین کوآپریشن ڈائیلاگ ، ACD، کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے بارے میں بھی کہا کہ اے سی ڈی کے جملہ اہداف میں سے ایک ہدف، ایشیائی ملکوں کے درمیان باہمی تعاون کو فروغ دینا ہے اور اس وقت ایشیا ، دنیا کی اقتصادی طاقتوں کے لئے ایک اہم شریک کی حیثیت رکھتا ہے-
واضح رہے کہ صدر ایران بدھ کی صبح کو مشرقی ایشیا کے تین ملکوں کے اپنے دورے میں تہران سے ویتنام کے لئے روانہ ہوگئے ہیں-


























۔۔۔۔۔۔۔
/169