اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے پیر کو تہران میں شام کی پارلیمنٹ کی اسپیکر محترمہ ہدیہ خلف عباس کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں دہشت گردی کے تعلق سے امریکا کے دوہرے معیاروں پر سخت تنقید کی۔ انھوں نے کہا ہے کہ امریکا نے شامی فوج کے ٹھکانوں پر بمباری کرکے ثابت کر دیا ہے کہ وہ دہشت گردوں کےساتھ ہے۔
ڈاکٹر علی لاریجانی نے کہا کہ دہشت گردوں سے جنگ میں مصروف شامی فوج پر حملہ کرکے امریکا نے دنیا پر ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ دہشت گردی کے خلاف مہم کا اس کا دعوا جھوٹ اور فریب ہے۔ انھوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے شروع سے ہی اس بات پر زور دیا ہے کہ شام کے مسائل کا کوئی فوجی حل نہیں ہے بلکہ ان مسائل کو سیاسی طریقے سے ہی حل کیا جاسکتا ہے۔
اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے کہا کہ شام میں موجودہ بحران کی آگ بعض علاقائی اور بیرونی حکومتوں نے بھڑکائی ہے انھوں نے کہا کہ امید ہے کہ شام میں حکومت اور عوام کی پانچ سال سے جاری مزاحمت سے دہشت گردوں کے حامی ملکوں نے درس حاصل کیا ہو گا کہ دہشت گردی کو صرف شام کی سرحدوں میں محدود نہیں کیا جا سکتا بلکہ یہ لعنت یورپ اور امریکا میں بھی مسائل کھڑے کرسکتی ہے۔
شام کی پارلیمنٹ کی اسپیکر ہدیہ خلف عباس نے اپنےایرانی ہم منصب کے ساتھ اس مشترکہ پریس کانفرنس میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایران کے عوام اور حکومت کی حمایت کا شکریہ ادا کیا۔ انھوں نے کہا کہ اگر اسلامی جمہوریہ ایران کی حمایت نہ ہوتی تو شام کی حکومت، فوج اور عوام دہشت گردوں کے مقابلے میں استقامت پر قادر نہ ہوتے۔
شام کی پارلیمنٹ کی اسپیکر ہدیہ خلف عباس نے کہا کہ دہشت گردی کی جنگ، بیرونی ہے جو بعض علاقائی حکومتوں نے شام پر پانچ سال قبل دنیا کے اسی ملکوں کے دہشت گردوں کے ذریعے مسلط کی۔ انھوں نے کہا کہ اس جنگ نے شام کے پرکشش اور قابل دید مقامات اور مراکز نیز ثقافتی و تاریخی آثار کو بھی تباہ کر کے ختم کر دیا۔
۔۔۔۔۔۔۔
/169