25 ستمبر 2016 - 07:46
صہیونی ریاست کی جیل میں بھوک ہڑتال پر بیٹھے فلسطینی قیدی کی رہائی

صیہونی حکومت کی جیل میں بھوک ہڑتال پر بیٹھے فلسطینی قیدی کو باضابطہ طور پر رہا کردیا گیا ہے-

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق صیہونی حکومت کی جیل میں بند فلسطینی قیدی، مالک قاضی کو جو بھوک ہڑتال کی وجہ سے کافی کمزور ہوگئے تھے اور جنھیں صیہونی حکومت کے اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا اب باضابطہ طور پر رہا کرکے غرب اردن کے شہر رام اللہ کے اسپتال میں منتقل کردیا گیاہے -

فلسطینی قیدی مالک قاضی نے دو دیگر فلسطینی قیدیوں محمد اور محمود بلبول کے ہمراہ ستر روز سے زائد عرصے تک بھوک ہڑتال کی تھی - رام اللہ کے اسپتال کے انچارج فتحی ابومغلی نے کہا ہے کہ اسپتال کے ڈاکٹروں کی ٹیم نے رہا ہونے والے اس فلسطینی قیدی کے علاج کے لئے خصوصی تدابیر اپنائی ہیں -

صیہونی حکومت کی جیل سے رہا ہونےوالے فلسطینی قیدی مالک قاضی کو ہفتے کی دوپہر کو رام اللہ کے اسپتال میں منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ان کا مکمل معائنہ کیا - ڈاکٹروں کا کہنا ہےکہ طویل عرصے تک بھوک ہڑتال پر بیٹھنے کی وجہ سے مالک قاضی کے دل ، گردے، اور آنتوں میں مشکلات پیدا ہوگئی ہیں اور جب تک وہ پوری طرح صحت یاب نہیں ہوجاتے ان کو اسپتال میں ہی رکھا جائےگا -

گذشتہ بدھ کو صیہونی حکومت نے بھوک ہڑتال پر بیٹھے تینوں فلسطینی قیدیوں کے مطالبات تسلیم کرتے ہوئے ان کی رہائی کے لئے اپنی آمادگی کا اعلان کردیا تھا - ان تینوں فلسطینیوں کو صیہونی حکومت نے وجہ بتائے بغیر قید کررکھا تھا جس پر انہوں نے احتجاج کرتے ہوئے بھوک ہڑتال کردی تھی - صیہونی حکومت کی جیلوں میں اس وقت سات ہزار سے زائد فلسطینی قید ہیں جن میں ساڑھے سات سو فلسطینی ایسے ہیں جنھیں وجہ بتائے بغیر جیل میں بند رکھا گیا ہے.

.......

/169