21 ستمبر 2016 - 17:23
نیویارک میں ایران اور فرانس کے صدور کی ملاقات

ایران اور فرانس کے صدور نے جامع ایٹمی معاہدے پر مکمل عملدرآمد کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے موقع پر صدر حسن روحانی اور صدر فرانسوا اولینڈ کے درمیان ہونے والی اس ملاقات میں باہمی دلچسپی کے اہم معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ صدر حسن روحانی نے اس بات پر زور دیا کہ جامع ایٹمی معاہدے کو کمزور نہ ہونے دیا جائے اور معاہدے کے تمام فریق اس پر عملدرآمد کی پابندی کریں۔انہوں نے کہا کہ یہ بات ہرگز قبول نہیں کی جاسکتی کہ کوئی بھی ملک ایٹمی معاہدے پر عملدرآمد کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرکے اپنے مطالبات دنیا پر مسلط کرنے کی کوشش کرے۔
صدر ایران نے کہا کہ طویل مذاکرات کے نتیجے میں ہونے والے اس معاہدے کے فوائد، علاقے کی قوموں، کمپنیوں اور پورے خطے تک پہنچنے چاہیں۔ صدر نے واضح کیا کہ یورپی رہنماؤں کو اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا اور انہیں اپنے ملکوں کے بینکوں اور بیمہ کمپنیوں کو ایران کے ساتھ مالی تعاون کی غرض سے لازمی ضمانتیں اور اطمینان فراہم کرنا چاہیے۔
ڈاکٹر حسن روحانی نے خطے میں جاری دہشت گردی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس لعنت کے خاتمے کی غرض سے تمام ملکوں کے درمیان تعاون اور ہماہنگی کی ضرورت پر زور دیا۔ صدر نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران دہشت گردی اور انتہا پسندی کے تدارک کے لیے فرانس کے ساتھ ہرممکن تعاون کے لیے تیار ہے۔فرانس کے صدر فرانسوا اوالینڈ نے اس موقع پر کہا کہ ان کا ملک اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ تمام شعبوں میں تعاون کو فروع دینا چاہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پیرس اور تہران کے درمیان تعلقات کے فروغ کے لیے جامع ایٹمی معاہدے سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔
فرانس کے صدر نے خطے میں دہشت گردانہ سرگرمیوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے تدارک کے لیے فوری اور موثر اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے موثر کردار کے پیش نظر فرانس، ایران کے ساتھ تعاون کے لیے تیار ہے۔

.......

/169