13 ستمبر 2016 - 14:55
برصغیر میں عیدالاضحی مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جارہی ہے

برصغیر پاکستان ، ہندوستان اور بنگلہ دیش میں عیدالاضحی مذہبی جوش و جذبے سے منائی جارہی ہے.

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق منگل کو پاکستان، ہندوستان اوربنگلہ دیش کے سبھی چھوٹے بڑے شہروں میں کروڑوں کی تعداد میں مسلمانوں نے عید بندگی یعنی عیدالاضحی کی نماز کے بڑے بڑے اجتماعات میں شرکت کرکے اپنے پروردگار کے حضور بندگی اور اطاعت کا شاندار جلوہ پیش کیا -

مساجد، عیدگاہوں اور امبامبارگاہوں میں نماز کی ادائیگی کے بعد لوگ ایک دوسرے سے گلے ملے - نمازعید کے بعد مسلمانوں نے جناب ابراہیم کی سنت پر عمل کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی کا سلسلہ شروع کیا جو بدستور جاری ہے -

عیدالاضحی کے موقع پر جانوروں کی منڈیوں میں بھی خوب گہماگہمی دیکھنے کو ملی ، جبکہ مرد وخواتین اور بچوں اور بوڑھوں سبھی نےنئے نئے لباس زیب تن کئے - پاکستان کے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے چاروں صوبائی دارالحکومتوں اور سبھی چھوٹے بڑے شہروں میں نمازعید کے اجتماعات منعقد ہوئے -

اس موقع پر وزیراعظم پاکستان نوازشریف نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ہمیں مفادات سے بالاتر ہو کر انتہاپسند رویّوں سے چھٹکارا حاصل کرنا ہوگا - انہوں نے کہا کہ قربانی اپنے آپ کو اعلی انسانی مقاصد کے لئے وقف کردینے کا نام ہے -

ہندوستان کے دارالحکومت نئی دہلی کی شاہی جامع مسجد ، فتح پوری مسجد ، کشمیری گیٹ مسجد اور امامیہ ہال سمیت سبھی چھوٹی بڑی مساجد میں نمازعید کے اجتماعات منعقدہوئے اور لوگوں نے امن عالم اور خاص طور پر عالم اسلام میں امن و سلامتی کی دعا کی -

دارالحکومت دہلی سمیت ہندوستان کے طول و عرض میں عید الاضحی انتہائی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جارہی ہے - بنگلہ دیش میں بھی مسلمانوں نے نماز عید کے بڑے بڑے اجتماعات میں حصہ لیا اور عید الاضحی مذہبی جوش وجذبے سے منارہے ہیں-

.......

/169