1 جولائی 2016 - 14:03
موصل میں ترکی کی کسی بھی قسم کی مداخلت سے ایک بڑی جنگ چھڑ جائے گی

عراق کے وزیراعظم حیدر العبادی نے کہا ہے کہ موصل میں ترکی کی کسی بھی قسم کی مداخلت سے ایک بڑی جنگ چھڑ جائے گی۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق حیدر العبادی نے بدھ کے روز میڈیا کے نمائندوں کے ساتھ ایک نشست میں موصل میں ترکی کے مقاصد کے بارے میں اپنے ملک کی شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا کہ اگر ترکی نے موصل میں کسی قسم کی مداخلت کی یا فوجی بھیجے تو داعش کے خلاف جنگ کے علاوہ ایک اور بڑی جنگ شروع ہو جائے گی۔ انھوں نے کہا کہ عراق میں بعض دہشت گردانہ کارروائیاں بعض ہمسایہ ملکوں کے راستے انجام پائی ہیں۔

واضح رہے کہ چند روز قبل عراق کے وزیر دفاع نے بھی موصل کے قریب بعشقیہ چھاؤنی سے ترک فوجیوں کے جلد از جلد انخلا پر زور دیتے ہوئے کہا تھا کہ عراق موصل کو آزاد کرانے کی کارروائی میں ترک فوجیوں کی شرکت کے لیے کسی بھی قسم کی درخواست کا مخالف ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔

/169