23 مارچ 2016 - 18:58
تیونس میں دہشت گردوں کے کئی گروہوں کا قلع قمع کر دیا گیا

تیونس کے سرکاری ذرائع نے دہشت گردوں کے کئی گینگ ختم کر دینے کا دعوی کیا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق تیونس کے اعلی سیکورٹی عہدیداروں نے اعلان کیا ہے کہ دہشت گردوں کا ایک گینگ ساحلی شہر المہدیہ میں ختم کر دیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ چار افراد پر مشتمل یہ گروہ، داعش کے لئے کام کر رہا تھا۔ تیونس کے سیکورٹی اہلکاروں نے ان افراد کو گرفتار کر کے خصوصی سیکورٹی فورس کے حوالے کر دیا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ تیونس کے سیکورٹی اہلکاروں نے دہشت گردوں کا ایک اور گینگ سیدی بوزید نامی شہر میں ختم کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ گینگ انتہا پسند یونیورسٹی طلبا پر مشتمل تھا جنہیں گرفتار کر لیا گیا اور ان سے تفتیش کا سلسلہ جاری ہے۔ قابل ذکر ہے کہ برسلز دہشت گردانہ حملوں کے بعد تیونس کے نقل و حمل کے وزیر نے بتایا تھا کہ ملک کے زمینی، فضائی اور سمندری نقل و حمل کو دہشت گردانہ حملوں سے محفوظ رکھنے کے لئے خصوصی اقدامات کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ ان خصوصی اقدامات کے تحت ملک کے تمام ہوائی اڈوں اور بندرگاہوں پر سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے۔ اسی کے ساتھ تیونس کے صدر نے ملک میں ہنگامی حالت میں مزید تین مہینے کی توسیع کا اعلان کر دیا۔

۔۔۔۔۔۔۔

/169