اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے اپنے دورۂ نیوزی لینڈ میں اس ملک کے وزیر تجارت ٹاڈ مک کلے سے ملاقات کی۔ مقامی وقت کے مطابق پیر کی صبح انجام پانے والی اس ملاقات میں دونوں فریقوں نے دو طرفہ اقتصادی و تجارتی تعلقات اور مختلف شعبوں میں دونوں ملکوں کے تجربات کی منتقلی کے بارے میں تبادلۂ خیال کیا۔ ایران کے وزیر خارجہ نے مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کی گنجائش و توانائی کا جائزہ لیتے ہوئے مکمل منصوبے کے تحت نیوزی لینڈ کے وزیر تجارت کے دورہ تہران کی ضرورت پر زور دیا۔ اس ملاقات میں نیوزی لینڈ کے وزیر تجارت ٹاڈ مک کلے نے بھی اپنے یقینی دورہ تہران کی تاریخ کا عنقریب اعلان کئے جانے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے بعض شعبوں میں دونوں ملکوں کے تعاون کا ذکر کیا اور کہا کہ مختلف شعبوں میں دونوں ملکوں کے تعلقات کو فروغ دیئے جانے کی ضرورت ہے۔ واضح رہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف، جنوب مشرقی ایشیاء اور بحرالکاہل کے مختلف ملکوں کے اپنے دورے میں ہفتے کے روز نیوزی لینڈ کے دارالحکومت ولینگٹن پہنچے۔ اس سے قبل انھوں نے انڈونیشیاء، سنگاپور، برونئی اور تھائی لینڈ کے اپنے دورے میں ان ملکوں کے اعلی حکام سے دو طرفہ تعلقات اور تعاون کی توسیع کے بارے میں گفتگو کی۔
۔۔۔۔۔۔۔
/169