4 ستمبر 2015 - 14:36
اقوام متحدہ: یورپی یونین دولاکھ سے زائد تارکین وطن کو اپنے ممالک میں جگہ دے

اقوامِ متحدہ نے یورپی یونین کے تمام رکن ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ ’بڑے پیمانے پر رہائش کی تبدیلی کے پروگرام‘ کے تحت دو لاکھ سے زائد تارکینِ وطن کو اپنے ممالک میں جگہ دیں۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔  بی بی سی کے مطابق اقوامِ متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین’’ انتونیو گوتیریش ‘‘کی جانب سے جمعے کو جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ یورپ میں تارکینِ وطن کی آمد پر انھیں مناسب سہولیات دی جانی چاہییں۔

انھوں نے مہاجرین کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے مشترکہ حکمتِ عملی اپنانے پر زور دیا ہے۔

ادھر ہنگری کی ایک ٹرین میں محصور تارکینِ وطن اور پولیس کے درمیان کشیدگی دوسرے دن بھی برقرار ہے جبکہ اسی مسئلے پر بات کرنے کے لیے ہنگری کے وزیراعظم تین یورپی ممالک کے حکام سے آج پراگ میں ملاقات کر رہے ہیں۔

جمعرات کو ہنگری کے دارالحکومت بوڈاپیسٹ کے ریلوے سٹیشن کو دو دن بند رکھنے کے بعد تارکینِ وطن کے لیے کھول دیا گیا تھا تاہم وہاں سے تارکین وطن کو لے کر روانہ ہونے والی ایک ٹرین کو بوڈاپیسٹ سے تقریباً 40 کلومیٹر دور مغرب میں بسکے کے مقام روک دیا گیا جہاں پر تارکین وطن کا سینٹر قائم کیا گیا ۔

خیال رہے کہ صرف جولائی میں یورپ میں داخل ہونے والے پناہ گزینوں کی تعداد ایک لاکھ سات ہزار تک پہنچ گئی ہے جو ایک ریکارڈ ہے جرمنی کا اندازہ ہے کہ رواں سال اس کے یہاں آٹھ لاکھ پناہ گزین پہنچیں گے جوگذشتہ سال سے چار گنا زیادہ ہیں۔

افریقہ اور مشرق وسطیٰ میں جاری تنازعات کی وجہ سے ہزاروں کی تعداد میں تارکین وطن یورپ کا رخ کر رہے ہیں جس کے باعث یورپی یونین کے رکن ممالک کو اس بحران سے نمٹنے کے لیے مشترکہ لائحہ عمل تشکیل دینے میں دشواری کا سامنا ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲