اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ امریکی ویب سائٹ "آین نیوز" نے ایک رپورٹ میں لکھا ہے کہ ایران نے کچھ عرصہ قبل بڑے پیمانے پر اینٹی شپ میزائل قادر بنانے کی خبر دی تھی۔ کہا جا رہا ہے کہ یہ میزائیل تین سو کیلو میٹر تک مار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اگرچہ اس طرح کے میزائیل کی ڈیزائننگ کوئی نئی چیز نہیں ہے لیکن ایسا خیال کیا جارہا ہے کہ یہ میزائیل چین کے اینٹی شپ میزائیل c-802 silkworm جیسا ہی ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق ایران نے انیس سو پچانوے میں ان میزائلوں کی تیاری کا آرڈر چین کو دیا تھا تاہم چین نے بین الاقوامی دباؤ کے سبب تمام میزائیل ایران کو فراہم نہیں کیے تھے۔ ساتھ ہی چین نے اس میزائیل کی ریورس انجینئرنگ سے متعلق ایران کی کوششوں کے مقابلے میں خاموشی اختیار کی۔ چین نے ایران سے تیل کی خریداری اور توانائی کے شعبے میں مدد چاہنے کے ساتھ ہی ایران کی ریورس انجینئرنگ پر کوئی اعتراض نہیں کیا۔ اس ویب سائٹ نے اپنے اس تجزیئے میں لکھا ہے کہ قادر میزائل کی لمبائی چھ میٹر اور اس کا وزن ایک سو چونسٹھ کلو گرام ہے اور یہ تین سو ساٹھ پونڈ وزنی جنگی وارہیڈ سے لیس ہے۔ یہ میزائیل ایک سو بیس کیلو میٹر تک مار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور ڈھائی سو میٹر فی سیکنڈ کی رفتار سے پرواز کرتا ہے۔ ایران دو ہزار گیارہ میں اس میزائیل کی رینج دو سو کلو میٹر بڑھانے اور اس کے گائیڈڈ سسٹم کو بھی بہتر بنانے میں کامیاب ہوا تھا۔ البتہ قادر میزائل کا آخری ماڈل تین سو کیلو میٹر تک مار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور اس کا گائیڈڈ سسٹم بھی پہلے کی نسبت بہتر ہے۔ اس اینٹی شپ میزائل کو بحری جہاز، میزائل لانچر حتی ہوائی جہاز کے ذریعے بھی فائر کیا جا سکتا ہے-
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲