اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق لبنانی فوج کے کمانڈر جنرل "جان قہوجی" نے لبنان کے اخبار السفیر سے گفتگو کرتے ہوئے تاکید کے ساتھ کہا ہے کہ لبنانی فوج، دہشتگرد گروہوں کا اثرورسوخ روکنے اور ان کے خلاف مکمل کامیابی حاصل کرنے تک جدوجہد جاری رکھے گی- انھوں نے کہا کہ لبنانی فوج کے انٹیلیجنس اداروں نے دہشتگرد گروہوں کا پتہ لگا کر اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں اور ایک دہشتگرد گروہ کے عناصر کو گرفتار کرکے، کہ جن میں خطرناک دہشتگرد شامل ہیں، اس گروہ کی سازش کو ناکام بنادیا ہے- لبنان کی فوج نے شمالی لبنان کے صوبے عکار میں داعش اور جبہۃ النصرہ سے وابستہ، شام و لبنان کے آٹھ خطرناک دہشتگرد عناصر کو گرفتار کیا ہے- لبنانی فوج کے کمانڈر نے کہا ہے کہ لبنان کے ان فوجیوں کا معاملہ، کہ جنھیں دہشتگردوں نے اغوا کر رکھا ہے، لبنانی فوج کی ترجیحات میں شامل ہے اور یہ مسئلہ، بہت شفّاف طور پر آگے بڑھ رہا ہے- واضح رہے کہ داعش اور جبہۃ النصرہ سے وابستہ دہشتگردوں نے گذشتہ سال، لبنان کے شمال مشرق میں شام کی سرحد کے قریب واقع علاقے عرسال پر قبضہ کرلیا تھا، تاہم لبنانی فوج کی جوابی کاروائی کے بعد وہ متعدد فوجیوں اور سیکورٹی اہلکاروں کو اغوا کرکے اس علاقے سے پسپا ہوگئے تھے -
.......
/169